بے قصوروں کو جیل نہ بھیجا جائے : عمران مسعود
دیوبند، 13؍ جون
(رضوان سلمانی)
احتجاج کے بعد گرفتاریوں کو لے کر سیاسی جماعتوں کے لیڈران افسران سے ملاقاتیں کررہے ہیں ، اسی تناظر میں آج سابق اسمبلی رکن اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر عمران مسعود نے سہارنپور کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کرکے کہا ہے کہ جس کا جتنا قصور ہے اس کو اس کے قصور کے مطابق ہی سزا ملنی چاہئے۔
جمعہ کے روز ہوئے مظاہرہ کے بعد پولیس کے ذریعہ کی جارہی کارروائی کو لے کر اعلیٰ افسران سے ملاقات کرنے پہنچے عمران مسعود نے کہا کہ کسی بھی بے قصور کو جیل نہیںبھیجا جانا چاہئے اور جو قصوروار ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔ عمران مسعود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ہم کسی بھی سیاسی جماعت سے جڑے ہوئے لیڈران ہوں ، علماء ہوں ہم سب کی اپنی ذمہ داری کو پوری ایمانداری سے سمجھنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری سے نہیں بھاگنا چاہئے۔
انہوںنے کہا کہ جمعہ کے روز جو کچھ ہوا وہ بہت افسوسناک ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں ہم نے سہارنپور کے ایس ایس پی سے بھی بات کی ہے۔ہم نے ان سے کہا ہے کہ جس کا جتناجرم ہے اس کو اتنی ہی سزا ملنی چاہئے۔ عمران مسعود نے کہا کہ ہم ان لوگوں میں سے نہیں ہیں جو اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ جائیں ، ہم تو اپنے ضلع میں امن وامان اور بھائی چارہ کے لئے اگر اپنی جان بھی دینی پڑے تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے حکومت کے ذریعہ بلڈوزور کی کارروائی کو انصاف کے لئے بھی صحیح نہیں بتایا ۔
عمران مسعود نے بتایا کہ سہارنپور ایس ایس پی نے ہماری بات کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی بھی کرائی، بے قصوروں کو جیل نہیں بھیجا جائے گا ۔دوسری جانب راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر جینت چودھری کی ہدایت پر آج سہارنپور میں راشٹریہ لوک دل کا ایک وفد پہنچا جس نے کئی مقامات پر جاکر دونوں طبقات کے افراد سے ملاقات کی ، اس کے بعد وفد ایس ایس پی دفتر بھی پہنچا جہاں پر وفد نے ایس ایس پی آکاش تومر سے ملاقات کرکے بے قصور لوگوں پر کارروائی نہ کرنے کی بات کہی۔
بعد ازاں وفد کے لیڈر بڑھانہ اسمبلی حلقہ سے اسمبلی رکن راج پال بالیان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سہارنپو رکے ایس ایس پی نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی بے قصور شخص پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی، جو لوگ قصوروار ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سہارنپور میں کئی مقامات پر پہنچ کر انہوں نے دونوں طبقات کے افراد سے گفتگو کرکے حالات کے بارے میں انہیں سمجھایا۔ اس دوران چھپرولی کے اسمبلی رکن اجے کمار ، پورقاضی کے اسمبلی رکن انل کمار، شاملی کے اسمبلی رکن پرسنت چودھری ، تھانہ بھون کے اسمبلی رکن اشرف علی خان، سابق اسمبلی رکن رائو وارث ، ضلع صدر رائو قیصر وغیرہ موجود رہے۔
