زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سی نمائندوں کا رکن کونسل سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔ 6؍اپریل
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
تلنگانہ پنچایت راج چیمبر، زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کے نمائندوں کے ایک وفد نے آج رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا سے ان کی رہائش گاہ واقع حیدرآباد پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے جاریہ سال بجٹ میں ادارہ جات مقامی کیلئے 500 کروڑ روپئے مختص کرنے پر رکن کونسل کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر رکن کونسل کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ مقامی اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور اسی عزم کے ساتھ حکومت نے جاری بجٹ میں ان اداروں کو مضبوط کرنے کی غرض سے 500 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی میں مقامی اداروں کا کردار اہم ہے اور وہ امید کرتی ہیں کہ ان ادارہ جات سے وابستہ ملازمین مزید متحرک ہوکر کام کریں گے اورریاست کو مزید ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے میں رول ادا کریں گے۔ زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی نمائندوں کے وفد نے رکن کونسل کویتا کی ستائش کی اور کہا کہ رکن کونسل کی خصوصی توجہ اور کامیاب نمائندگی کے باعث ضلع و منڈل پریشدوں کیلئے وافر بجٹ مختص کیا گیا ہے

۔ مندوبین نے یاد دلایا کہ رکن کونسل نے بجٹ سے قبل ادارہ جات مقامی کے ساتھ کئی ایک اجلاس منعقد کئے تھے اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی تھی اور مقامی اداروں کو فنڈس کی فراہمی کے سلسلے میں چیف منسٹر سے نمائندگی کی تھی۔
اس موقع پر تلنگانہ پنچایت راج کے ریاستی صدر چمپولہ ستیہ نارائنا ریڈی، جنرل سکریٹری بدھی پلی سدھارتھا، نائب صدور اشوک راؤ، ریاستی سکریٹری منڈیپال وینکٹ، ریاستی ایم پی ٹی سی اسوسی ایشن کی ریاستی صدر چمپولہ شلیجا ستیہ نارائنا ریڈی، جنرل سکریٹری پیروملہ گوٹیا، نائب صدور کیوالی سری سیلم ، زیڈ پی ٹی سی اسوسی ایشن کے ریاستی صدر بیلم سرینواس، جنرل سکریٹری بھرت پرساد ، اعزازی صدور ناگیش اور مختلف اضلاع کے مقامی اداروں کے سکریٹریز موجود تھے۔
