آندھرا پردیش کے ایلورو کیمیکل فیکٹری میں مہیب آتشزدگی، 6 ہلاک، 12 زخمی

بین الریاستی تازہ خبر

زخمیوں کی حالت  تشویشناک

وجئے واڑہ :14؍اپریل
(زین نیوز)
آندھرا پردیش کے ایلورو کے اکیریڈی گوڈیم میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں چہارشنبہ کی رات دیر گئے آگ لگ گئی۔ حادثہ میں جھلسنے سے چھ افراد کی مو ت واقع ہوگئی جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔ کئی زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے وجئے واڑہ ریفر کر دیا گیا ہے۔

ایلورو کے ایس پی راہل دیو شرما نے بتایاکہ یہ بڑا حادثہ نائٹرک ایسڈ مونو میتھائل کے اخراج کے بعد پیش آیا ہے۔ واقعہ کے حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلا دھماکا انڈسٹری کے یونٹ 4 میں ہوا، جس کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ اس وقت فیکٹری میں تقریباً 150 لوگ کام کر رہے تھے۔

اسی دوران دھماکے کے بعد آگ دیکھتے ہی دیکھتے پورے احاطے میں پھیلنے لگی۔عجلت میں پولیس کے ساتھ فائر ڈیپارٹمنٹ کو بھی اس کی اطلاع دی گئی۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔بڑی مشکل سے آگ پر قابو پایا گیا

وہیں واقعہ کے بارے میں ایس پی راہل دیو شرما نے نمائندہ زین نیوزکو بتایا کہ حادثہ کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اتنا بڑا حادثہ ری ایکٹر میں دھماکے سے ہوا یا آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔