دیوبند،29؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
دارالعلوم دیوبند کے سابق ناظم شعبہ تنظیم وترقی مولانا محمود احمد گلؒ کے بڑے صاحبزادے شاہد گل کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیاانا للہ وانا الیہ راجعون۔ان کے انتقال کی خبر سے یہاں کے دینی،سیاسی اور سماجی حلقوں کا ماحول سوگورا ہوگیا۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی،جمعیتہ علماء ہند کے قائد اور دارالعلوم کے صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی،مولانا عبد الخالق مدراسی،مدارس کے اساتذہ ودیگر شخصیات نے سید شاہد گل کی رہائش گاہ محلہ خواج بخش پہنچ کر پسماندگان سے حادثۂ وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی۔
مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے نائب منیجر سید آصف حسین نے بتایا کہ ان کے ماموں شاہد گل تکلیف کے باعث عرصہ سے صاحب فراش تھے لیکن دو تین یوم قبل انہیں نمونیہ کی شکایت ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں فیضان ملٹی اسپیشیلٹی ہاسپٹل میں علاج کی غرض سے داخل کرایا گیا تھا لیکن ڈاکٹروں کی سخت نگرانی اور انتہائی نگہداشت کے باوجود طبیعت میں کوئی افاقہ نہ ہوسکا اور صبح10؍بجے کے قریب وہ اس دار فانی سے رخصت ہوگئے ۔
واضح ہو کہ شاہل گل مرحوم مولانا خالد گل کے بڑے بھائی تھے ان کے انتقال پر دیوبند کے دینی مدارس کے ذمہ داران واساتذہ کے علاوہ مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی،جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر نواز سعید،دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی،مرکزی جامع مسجد کے متولی کے نمائندہ خرم عثمانی،عید گاہ وقف کمیٹی کے متولی مولوی محمد انس صدیقی،سابق چیئرمین انعام قریشی،مدنی ٹریولز کے چیئرمین عمیر احمد عثمانی،یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم،قاضی فرحان،وسیم صدیقی،اسامہ ملک،پریس ایسوسی ایشن کے علاوہ دیگر تنظیموں نے پسماندگان سے اس سانحہ ارتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی۔
مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر دارالعلوم کے احاطہ مولسری میں مولانا سید ارشد مدنی نے ادا کرائی ۔بعد ازاں قبرستان قاسمی میں تدفین عمل میں آئی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے درجات بلند فرمائے اور تمام پسماندگان ولواحقین کو صبر کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
