ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بی جے پی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری
دیوبند، 31؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
مغربی اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے مد نظر بی جے پی کی تشہیری مہم میں شامل ہندوستان کے وزیر داخلہ کے دیوبند پہنچنے اور روڑ شو کے دوران ہونے والی لاپرواہی کے علاوہ کووڈ پروٹوکول اور ضابطہ اخلاق کی زبردست طریقہ سے خلاف ورزی کی گئی ۔واضح ہو کہ اس روڑ شو کے دوران بے قابو بھیڑ کو دیکھ کر وزیر داخلہ نے خود ہی چند قدم چل کر اور عوامی رابطہ کرنے کے بعد دیوبند میں پہلے سے طے شدہ گھر گھر رابطہ کرنے کے پروگرام کو کینسل کرکے سہارنپور چلے گئے تھے۔
جس کے باعث پارٹی کارکنان نے زبردست مایوسی پھیل گئی تھی لیکن اب الیکشن کمیشن نے بہت زیادہ بھیڑ کے جمع ہونے ،کووڈ پروٹوکول کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے اور ضابطۂ اخلاق پر عمل نہ کرنے کے معاملہ میں نوٹس لیتے ہوئے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔یہ تمام تفصیلات دیوبند کے ایس ڈی ایم نے دی ہے ۔واضح ہو کہ دیوبند اسمبلی حلقہ کے الیکشن آفیسر دیپک کمار کی جانب سے کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے اسمبلی انچارج نتن گپتا کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے دیوبند آمد کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں جمع ہونے والے عوامی ہجوم سے کووڈ پروٹوکول اور الیکشن کمیشن کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہوئی ہے۔وہیں دوسری جانب بی جے پی نے وزیر داخلہ کے پروگرام کے دوران ہونے والی بد نظمی کا ذمہ دار مقامی انتظامیہ کو بتایا ہے۔
پارٹی کے مقامی انچارج کرونیش نندن نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں لاپرواہی بی جے پی کی جانب سے نہیں بلکہ پولیس محکمہ کی جانب سے ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس نوٹس کے جواب میں تمام حقیقت حال سے واقف کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے مذکورہ بھیڑ کو جمع نہیں کیا گیا تھا بلکہ امت شاہ کے دیدار کے لئے چاروں طرف سے لوگ پروگرام کے مقام پر جمع ہوگئے تھے ۔
