کاماریڈی :6؍اپریل
(زین نیوز ڈاٹ نیٹ)
مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی کے معلمین کی ماہانہ کارگزاری میٹنگ سے مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا ابرارالحسن صاحب رحمانی و قاسمی دامت برکاتہم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہبچوں کی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تربیت اور ذہن سازی پر بھی خوب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔بچوں کو ہمارے نبی ﷺ کے اخلاق کے بارے میں بتایا جائے کہ ہمارے نبی ﷺ کی سیرت طیبہ کتنی پیاری اور پاکیزہ ہے۔
مولانا نے اپنے بیان کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ ایک مرتبہ حجۃ الاسلام حضرت مولانا قاسم صاحب نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس ایک شاگرد علم دین سیکھنے کے لئے پہونچے اور حضرت کے درس میں بیٹھے لیکن اس طالب علم کو کچھ بھی سمجھ میں نہیں آیا اور اپنے گھر واپس چلے گئے جب حضرت کو معلوم ہوا کہ امروہہ سے آنے والا طالب علم مدرسہ چھوڑ کر چلا گیا حضرت کو بڑا افسوس ہوا اور دل میں بڑی فکر پیدا ہوئی پھر کیا تھا حضرت نے امروہہ کا سفر طئے کیا اور اس طالب علم کو بڑی خوشامد کرکے ساتھ لیکر آئے اور بڑی فکر کے ساتھ اس طالب علم پر محنت کی تو پھر یہی طالب علم اپنے علاقے میں منفرد شناخت کے ساتھ عظیم پیمانے پر علم دین کی اشاعت کے ساتھ قوم و ملت کی خدمت میں لگے،
ہمارے اکابر نے ایک ایک طالب علم کے لئے دل سوزی کے ساتھ محنت کی، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بھی اپنے اکابر کی قربانیوں کو سامنے رکھ کر اپنے شاگردوں کے اوپر محنت کریں اور انکی دینی اسلامی تربیت کی فکر کریں، اس وقت ذہنی بگاڑ زیادہ ہوچکا ہے، لہذا ہم تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تربیت و ذہن سازی پر خصوصی توجہ دیں تبھی جاکر ہمارے نونہال باطل کا شکار ہونے سے بچ سکتے ہیں آپ حضرات دیہات قصبات میں بڑی قربانیوں اور مجاہدوں کے ساتھ خدمت میں لگے ہوئے ہیں اللہ تعالی ہی آپ کو اس کا بہترین بدلہ دے سکتے ہیں، کم تنخواہ میں آپ جو خدمت انجام دے رہے ہیں؛ وہ لائق ستائش ہے,، اللہ تعالیٰ انتظام کرے گا تو سب کی تنخواہ میں انشاءاللہ اضافہ کردیا جائے گا،
حسبِ گنجائش کچھ نہ کچھ اضافہ ہوتا ہے، اللہ تعالی آپ کے جذبۂ خلوص کے ساتھ کی جانے والی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے، اور دنیا وآخرت میں بہترین بدلہ عطاء فرمائے، ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے، حافظ محمد فہیم الدین منیری خادم مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی نے امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا سید ولی رحمانی صاحب رحمہ اللہ کے لئے تعزیتی کلمات پیش کیا، تمام معلمین کرام وذمہ دارن نے قرآن مجید کی تلاوت فرما کر ایصال ثواب کا اہتمام کیا اور دعاء مغفرت کی گئی،
مولانا نظر الحق قاسمی نگران مکاتب مجلس نے مہمانوں کا استقبال کیا، مفتی عمران خان قاسمی، مولانا منظور عالم مظاہری نے جلسہ کی نگرانی کی۔ جناب جاوید علی، الحاج سید عظمت علی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی، حافظ عبدالواجد صاحب حلیمی، محمد فیروز الدین ودیگر معززان شہر بھی موجود تھے۔
