حیدرآباد-18/جنوری
زین نیوز
حیدرآباد میں گذشتہ چند سالوں سے گاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کی سڑکوں پر(67) لاکھ گاڑیوں کے آسانی سے بہاؤ کویقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس حیدرآبادنے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں۔ٹریفک کی رکاوٹوں کو دور کرکے مسافرین کو پریشانیوں سے نجات دلانے اور آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کےلیے حیدرآباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پولیس کنٹرول روم، نامپلی میں منعقدہ T-20 Traffic Awareness Test App لانچنگ پروگرام میں کیاجس کا آج دوپہر میں اہتمام کیاگیاتھا۔انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے حیدرآباد شہر کو ”ایکسیڈینٹ فری سٹی” بنانے کے لیے روڈ سیفٹی، ری انجینئرنگ اور ٹریفک تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹرمسٹر کے چندراشیکھر راؤ محکمہ پولیس کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ گشت کرنے والی گاڑیاں، کمانڈ کنٹرول سنٹر وغیرہ خریدنے کے لئے انہوں نےخطیررقم مختص کی ہے تاکہ پولیس محکمہ کو سہولیات فراہم ہوں۔ ہندوستان بھر میں تلنگانہ پولیس نے تلنگانہ حکومت کی قیادت میں اپنے خدمات اور جدید طریقوں کی عمل آوری کے لیے اپنی الگ پہچان بنالی ہے۔ جس کے لیے تلنگانہ پولیس کی سراہنا کی جارہی ہے۔ آگے کہا کہ حکومت ہند نے روڈ سیفٹی ماہ کا اعلان 18 جنوری سے 17 فروری تک منعقد کیا ہے، جس میں حیدرآباد ٹریفک پولیس، روڈ سیفٹی کے مختلف پروگرام منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم کے ایک حصے کے طور پر، آج حیدرآباد ٹریفک پولیس روڈ سائن / ٹریفک قواعد کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور سڑک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے T-20 Traffic Awareness Test App کا آغاز کررہی ہے۔ یہ 18 سال سے زائدکی عمر کے لیے ایک آن لائن ٹیسٹ ہے۔ جس کے ذریعے روڈ سائن / ٹریفک قوانین پر اپنی اہلیت کی جانچ کی جاسکتی ہے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس،نشے میں ڈرائیونگ کرنے اور ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں پر خصوصی مہم چلائی ہے۔جس کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں کمی واقع ہوئی ہے۔جس کے لیے حیدرآبادٹریفک پولیس قابل مبارکباد ہے۔ وزیر داخلہ نے اس پروگرام کے انعقاد کے لیے حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں بھی جدید طریقوں کی ایجاد پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
