ٹی آر ایس حکومت میں دلت او رمسلمان مشکلات کا شکار

تازہ خبر تلنگانہ

کے سی آر انتخابات کے چیف منسٹر:ڈاکٹر اعجاز الزماں کا طنز
حیدرآباد۔6اگسٹ
(پریس نوٹ)
ڈاکٹر محمد اعجاز الزماں سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ریاستی حکومت کو غریب عوام کی صرف انتخابات کے موقع پر یاد آتی ہے۔

چیف منسٹر چندرشیکھر رائو کا رویہ اور طرز حکمرانی سمجھ سے بالاتر ہے۔صحافتی بیان میں ڈاکٹر محمد اعجاز الزماں نے کہا کہ حضور آباد کے ضممنی انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر سرگرم ہوگئے ہیں۔جبکہ یہی چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے ان کی ہی کابینہ کے وزراء کو وقت نہیں ملتا تھا۔

انھوںنے کہا کہ کے سی آر انتخابی چیف منسٹر ہیں۔وہ انتخابات کے موقع پر نمودار ہوتے ہیں۔بلند بانگ دعوے کرتے ہیں اور پھر غائب ہوجاتے ہیں۔کانگریسی لیڈر نے کہا کہ حضور آباد کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے ٹی آر ایس حکومت ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔

حلقہ اسمبلی حضور آباد میں دلتوں کی کافی تعداد ہے ۔دلتوں کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے دلت بندھو اسکیم کو متعارف کیا گیا ہے۔جس کے تحت دلت خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپے امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت میں دلتوں اور مسلمانوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت میں مسلمانوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔12فیصد تحفظات کا وعدہ آج تک وفا نہیں کیا گیا۔دوسری طرف سکریٹریٹ کی مساجد کو منہدم کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کو مجروح کیا گیا۔آج تک مساجد کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد نہیں رکھا گیا۔

صرف تاریخیں ہی دی جارہی ہیں۔ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے تمام طبقات بالخصوص مسلمان عاجز آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسلمانوں کے لئے بھی مراعات کا اعلان کریں۔

انھوںنے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی ریونت ریڈی کی قیادت میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور تمام طبقات کے ساتھ تقاضہ انصاف کو ملحوظ رکھا جائے گا.