طالبان حکومت قائم کرنے میں کامیاب ۔صدر اشرف غنی افغانستان چھوڑ کر چلے گئے

تازہ خبر عالمی

علی احمد جلالی عبوری حکومت کے سربراہ

کابل:15؍اگسٹ
(زین نیوز؍ایجنسیز)
افغانستان میں ایک بڑی سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔افغانستان جو پچھلے کچھ مہینوں سے شدید تشدد کا دور دیکھ رہا تھا اب طالبان کے قبضے میں ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک کی حکومت  طالبان کے ہاتھوں میں آگئی ہے اور صدر اشرف غنی ملک چھوڑ چکے ہیں۔ یہاں ملک کی حکومت طالبان کے حوالے کر دی گئی

طالبا ن ملا عبدالغنی برادر افغانستان میں اقتدار کی پرامن طریقہ سے منتقلی کے عمل کے لئے اتوار کو کابل پہنچے اور سابق وزیر داخلہ علی احمد جلالی سے چھ مہینہ کے لئے عبوری حکومت کی قیادت کرنے کیلئے کہا ہے العربیہ اور دیگر میڈیا آوٹ لیٹس کے مطابق مسٹر جلالی افغانستان میں عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دو افغان عہدے داروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ صدر اشرف غنی ملک سے جا چکے ہیں۔

اتوار کو افغانستان کی سپریم نیشنل ری کنسلییشن کونسل(ایس این آر سی) کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے اتوار کو اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ایک سخت دن اور رات جلد گزر جائیں گے اور لوگ جلد امن دیکھیں گے۔ طالبان کابل میں داخلے سے قبل مذاکرات کے لیے وقت دیں۔‘
انہوں نے اشرف غنی کو ’سابق صدر‘ کہتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’سابق صدر ملک کو مشکل صورتحال میں چھوڑ گئے ہیں۔ خدا ان سے اس کا حساب لے۔‘
افغانستان کے نیوز چینل طلوع نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر اشرف غنی کے قریبی ساتھی بھی افغانستان سے چلے گئے ہیں
قبل ازیں اتوار کی سہ پہر کو صدر اشرف غنی نے افغان فوج کو حکم دیا تھا کہ وہ دارالحکومت کابل کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔

اس سے قبل اتوار ہی کے روز افغان وزیر دفاع بسم اللہ محمدی نے کہا تھا کہ صدر اشرف غنی نے بحران کو حل کرنے کا اختیار سیاسی قیادت کو تفویض کر دیا ہے۔

صدر اشرف غنی نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم بہترین انداز میں اسے سرانجام دیں گے۔ جو بھی انتشار یا لوٹ مار کرنے کا سوچے گا، اس سے طاقت کے ذریعے نمٹا جائے گا۔‘
دوسری جانب افغان صدر کے دفتر سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اشرف غنی کی موومنٹ کا کچھ نہیں بتا سکتے۔‘
پاکستانی میڈیا نے افغان وزارت داخلہ کے سینئر عہدید دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر اشرف غنی تاجکستان روانہ ہوئے