دیوبند۔یکم ستمبر
(رضوان سلمانی)
دیوبند کی معروف ادبی و سماجی تنظیم ’اسٹار کلب‘ کی جانب سے محلہ بیرون کوٹلہ میں واقع اردو گھر پر ایک شاندار اعزازی پروگرام و مشاعرہ کا انعقاد کیاگیا، پروگرام افتتاح مزمل حسن انجینئر کے ہاتھوں عمل میں آیا جبکہ صدارت ڈاکٹر شمیم دیوبندی نے کی،نظامت کے فرائض اسٹار کلب کے چیئرمین تنویر اجمل نے انجام دیئے۔پروگرام کے دوران دیوبند کے سماجی کارکن اور چرندوپرندسے محبت رکھنے والے اور ان کی جانوں کی حفاظت کرنے والے سماجی کارکن ارشد صدیقی کو کلب کی جانب سے ’تحفظ چرندو پرند ایوارڈ‘ سے نواز گیا۔ اس دوران ارشد صدیقی نے تنظیم کے ذمہ داران کا شکریہ اداکیا۔
ارشد صدیقی نے کہاکہ چرند اور پرند بھی انسانوں کی طرح اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہے، انسانوں کی طرح و ہ دکھ اور تکلیفوں کا شکار رہتے ہیں لیکن اس بے زبان مخلوق کے تئیں وہ بہت حساس ہیں اور جب کبھی وہ کسی چوپائے جانور،چڑیوں، چیلوں یا دوسرے پرندوں کو دکھ تکلیف اور بھوک و پیاس یا زخمی حالت میں دیکھتے ہیں تو ان کی ہر ممکنہ خدمت کرتے ہیں ،جس سے روحانی سکون کا احساس ہوتاہے۔
اس دوران منعقد شعری نشست میں شامل شعراء نے شاندار کلام پیش کیا ۔ مشاعرہ میں پیش کئے گئے چنندہ اشعار قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش ہیں۔
صرف آنسو تھے کورے کاغذ پر ٭ میرے خط کا جواب اچھا تھا : ڈاکٹر شمیم دیوبندی
میری جان تم نے کیسا یہ رابطہ کیا ہے ٭ نہ قریب آئے میرے نہ ہی فاصلہ کیاہے: تنویر اجمل دیوبندی
رابطہ رکھتے کبھی ہیں اور کبھی ہیں بھول جاتے ٭ مختصر یہ چاہتے ہیں دل جلانا دل جلانا : رضی عثمانی
لوگ جلتے ہیں تو جلنے دو ملن سے اپنے ٭ ہم نے اک دیپ محبت کا جلا رکھاہے: مہتاب آزاد
اپنی یادو ںکی کوئی مجھ کو کہانی دیدے ٭ دل کو تسکین ہو جس سے وہ نشانی دیدے: عدنان انور
خداسے رات دن مانگاہے اس کو ٭ یہ ہی بس ایک عبادت کی ہے ہم نے : اعظم صابری
علاوہ ازیں نفیس خان، زاہد دلبر اور ندیم قریشی وغیرہ نے بھی اپنا کلام پیش کیا ۔ خصوصی شرکاء میں جمال ہاشمی، ہالم خان، فیصل نور شبو،عثمان خان، اسجد صدیقی اور ثاقب گوڑ وغیرہ کے نام شامل ہیں۔آخر میں کلب کے ذمہ دارا ن نے تمام شعراء اور شرکاء کا شکریہ اداکیا۔