علی گڑھ میں مسلم نوجوان سے زبردستی ’جے شری رام‘ کے نعرے لگوانے کا واقعہ

تازہ خبر قومی

حاجی فضل الرحمن  کی شدید مذمت
دیوبندیکم؍ نومبر
(رضوان سلمانی)
علی گڑھ میں پھیری لگانے والے مسلم نوجوان کے ساتھ مارپیٹ کرکے زبردستی نوجوان سے ’جے شری رام ‘ کے نعرے لگوائے جانے کے واقعہ پر سہارنپور سے رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے شدید ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے اس عمل کی سخت مذمت کی اور کہاکہ اس قسم کے گوڈسے کے حامی عناصر مذہب کے نام پر ملک کاماحول خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں،جن کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جانی چاہئے۔

جاری بیان میں سہارنپور سے لوک سبھا رکن حاجی فضل الرحمان نے کہاکہ علی گڑھ میں پھیر لگاکر اپنا گزر بسر کرنے والے ایک مسلم نوجوان کو پکڑ مارپیٹ کرکے اس سے زبردستی جے شری رام کے نعرے لگوانے کی کوشش کی گئی اور نہ لگانے پر اسے بے دردی ماراپیٹا گیا ہے، اس معاملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔

ایم پی حاجی فضل الرحمن نے کہا کہ جو لوگ ایک مسلم نوجوان کی پٹائی کرتے ہیں وہ مثالی شری رام کے حامی نہیں ہو سکتے کیونکہ شری رام نے کسی کو زور زبردستی کرنے کا درس نہیں دیا۔ایم پی حاجی فضل الرحمان نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو گوڈسے کو مانتے ہیں جن کا کام ہی ملک میں نفرت پھیلانا ہے،گوڈسے حامی یہ عناصر ملک کا ماحول خراب کررہے ہیں ایسے عناصر پر قدغن لگایاجانا بہت ضروری ہے ۔

حاجی فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کو اس معاملے میں مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ بی جے پی سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ دیتی ہے لیکن زمینی حقیقت پر بی جے پی کا یہ نعرہ جھوٹا ثابت ہو رہا ہے۔