نوجوان نسل اپنی زندگی کے ہر شعبہ میں سیرت نبوی کو داخل کریں۔مفتی وقاص ہاشمی

تازہ خبر قومی

مفتی وقاص ہاشمی
دیوبندیکم؍ نومبر
(رضوان سلمانی)
فطری طور پر جو لوگ اور مومنین ومومنات خالق کائنات سے محبت کرنے والے ہوتے ہیں ان پر لازم ہے کہ پیغمبر اسلام نبیٔ آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقہ ٔ زندگی کی پیروی کریں کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کے بغیر اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور محبت ممکن ہی نہیں اسلئے اللہ اور اس کے رسول کی اتباع ہر مومن کے لئے ضروری ہے ان خیالات کا اظہار ادارہ خدمت خلق کے چیئر مین اور مولانا حسن الہاشمی کے جانشین مولانا مفتی وقاص ہاشمی نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تومیری پیروری کرو تو اللہ تم سے محبت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نبیٔ کریمؐ سے محبت ایمان کے شعبوں میں سے سب سے عظیم تر شعبہ ہے جس کا مقام ومرتبہ محبت کے شعبوں سے بلند وبالا ہے۔مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو اپنائیں اور اُسی طرز کو اپنائیں جو طرز حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپؐ کا امتی ہونے کے ناطے ہم پر لازم ہے کہ رسول اکرمؐ کی دل وجان سے محبت کریں اور اس کا ثبوت اپنے قول وعمل،اپنے اعتقاد اور اپنے گفتار وکردار سے دیں اور یہ اسی وقت ممکن ہے کہ مسلمان رسول اکرمؐ کے ہر حکم کو مانیں اور مکمل پیروی کریں۔

مفتی وقاص ہاشمی نے مسلمانوں خاص طور پر نوجوان نسل سے اپیل کی کہ اپنی زندگی کے ہر شعبہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو داخل کرلیں۔اور اپنے کردار وعمل کو آپؐ کے جیسا بنالیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرز زندگی کو اپنی زندگی بنالیں تاکہ ہمیں دنیاوی واخروی زندگی میں ہمیں عزت اور نجات حاصل ہو۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اسوۂ حسنہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین