ہمارے اسلاف نے اس کی نہج خالص اخلاص کی بنیاد پر رکھی ہے
: مولانا محمد سید راشد علی
دیوبند، 23؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کی تنظیم انجمن تہذیب الکلام کی جانب سے منعقدہ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ تنظیم وترقی کے ناظم مولانا سید محمدراشد علی نے کہاکہ علم دین حاصل کرنا ہر مومن کا دینی واخلاقی فریضہ ہے۔ جو طالب علم حصول علم کی جستجو میں اپنا وطن ،اپنا گھر ،والدین اور اہل خانہ سے دور زندگی کے ماہ وسال بتارہے ہیں ،بلاشبہ یہ ایثار کسی مجاہدہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابل مبارک باد ہیں وہ نوجوان جن کو طلب علم کی راہ میں دارالعلوم دیوبند جیسے الہامی ادارہ کا سایہ نصیب ہوا۔
مولانا سید راشد نے علامہ جوزی کے ایک شعر کے حوالے سے کہا کہ علامہ کا قول ہے کہ لوگوں میں اس سے بڑا عیب میںنے نہیں پایا کہ قدرت واختیار ہونے کے باوجود کار مطلوبہ ہر وقت نہ کرسکے اور سستی وکسل مندی کے سبب وقت گزار دے۔ مولانا نے کہا کہ کام کی اصل قدر وقیمت اس کو بروقت انجام دینے میں ہے۔ مولانا نے ضلع بستی وضلع کبیر نگر کے موجود طلبہ کو اپنے پند ونصائح سے نوازتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم تمہاری مادرِ علمی ہے ، اس کے وقار کا لحاظ رکھنا بھی ہم سب کے لئے فرض کے درجہ میں ہے۔
انہو ں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند ایک عالمی علمی ودینی تحریک ہے، ہمارے اسلاف نے اس کی نہج خالص اخلاص کی بنیاد پر رکھی ہے۔ اس لئے اس کے فرزندان کا بھی یہ فرض ہے کہ اپنے میں خلوص وللہیت کو جلا بخشیں اور اسلاف کی تحریک کو آگے بڑھائیں۔ مولانا راشد نے کہا کہ آج پوری دنیا میں علمی وفکری سطح پر دارالعلوم دیوبند کا غلغلہ ہے۔
یہ خالص ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور دعائوں کا ثمرہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ سلسلہ آگے بڑھانے کے لئے یقینی طورپر طلبہ کا اسلاف کے نقش قدم پر چلنا ضروری ہے۔ مولانا راشد نے کہا کہ اپنے اسلاف کی حیات وخدمات کا مطالعہ بھی ضروری ہے تاکہ اس تحریک کو سمجھا اور برتا جاسکے۔
مولانانے کہاکہ یہ انجمن طلبہ کی تحریرو تقریر کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور مشق وتمرین کے لئے قائم کی جاتی ہیں اس لئے انجمن تہذیب الکلام کے طلبہ کو یہ چاہئے کہ وہ اپنی تحریر وگفتار میں تہذیب وثقافت کو خاص مقام دینے کی صلاحیت پیدا کریں اس لئے کہ طلبہ صرف درسگاہ میں ہی طالب علم نہیں ہوتا بلکہ وہ انجمن کے ماحول میں بھی ایک طالب علم کی حیثیت سے تربیت حاصل کرتا رہتا ہے۔
اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے مدرس مولانا افضل بستوی ،مولانا مصلح الدین بستوی ، شعبہ انٹرنیٹ مولانا عبدالہادی موجود رہے ۔ انجمن سے وابستہ طلبہ بستی وسنت کبیر نے متفرق عنوانات پر مبنی مکالمے بھی پیش کئے ۔ مہمانوں واساتذہ کا خیر مقدم کیا ۔ انجمن کے صدر مولوی محمد خالد اور سکریٹری مولوی محمد ارشد نے مشترکہ طو رپر نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ صدر اجلاس مولانا سید محمد راشد کی دعا پر پروگرام کااختتام ہوا۔