دیوبند پولیس نے قریبی گاؤں سے ناجائز اسلحہ فیکٹری پکڑی

تازہ خبر قومی

چھاپہ ماری کے دوران طمنچے ،کار آمد کارتوس اور اسلحہ تیار کرنے والی مشینیں بر آمد

دیوبند، 31؍ جنوری
(رضوان سلمانی)
جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لینے کیلئے چلائی جانے والی مہم کے تحت پولیس نے پیر کے روز دیوبند کے قریبی گاؤں انبہٹہ شیخاں میں واقع آب پاشی محکمہ کی جانب سے بنائے گئے بنگلہ نما کھنڈر میں ایک اسلحہ فیکٹری پکڑی ہے ۔پولیس نے اسلحہ بنانے والی فیکٹری سے دو جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں کار آمد کارتوس اور نامکمل طمنچے بر آمد کئے ہیں ۔

دیوبند کے کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ ماری کے دوارن ناجائز طور سے اسلحہ بنانے والی فیکٹری او ر حراست میں لئے گئے ملزمان کے قبضہ سے 315؍بور کے چار طمنچے ،12؍بور کے دو طمنچے ،16؍نا مکمل اسلحہ ،315؍بور کے 80؍کا ر آمد کارتوس ،طمنچوں کی نلی ،اسپرنگ،ڈرل مشین،گرائنڈر مشین،ویلڈنگ مشین اور دو شکنجوں سمیت طمنچے بنانے کے کام میں استعمال ہونے والا دوسرا سامان بھی بر آمد کیا ہے۔

کوتوالی انچارج نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے ملزمان اس سے قبل بھی اسلحہ ایکٹ کے تحت کئی مرتبہ جیل جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے ملزمان میں عمید جو بڑھانہ ضلع مظفرنگر کا باشندہ ہے اور اس کا دوسرا ساتھی سونو ارف سندیپ چرتھاول کے گاؤں بلواکھیڑی ضلع مظفرنگر کا باشندہ ہے ،کوتوالی انچارج نے بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف سہارنپور، دیوبند اور مظفرنگر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا کہنا کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے پولیس اب تک 15؍سے زائد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضہ سے اسلحہ بر آمد کیا ہے اور سبھی ملزمان کو جیل بھیجا ہے۔