دیوبند، 20؍ فروری
(رضوان سلمانی)
دیوبند کے ہونہار فرزند عامر سہیل نے یوسی جی نیٹ امتحان 2020-21میں 99.3فیصد نمبرات حاصل کرکے نہ صرف کامیابی حاصل کی ہے بلکہ ایک نیا ریکارڈ قائم کرکے دیوبند کے ساتھ ساتھ اپنے اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا ہے ۔دیوبند کے محلہ شاہ رمزالدین کے باشندہ محبوب الہی مرحوم کے بیٹے عامر سہیل نے نومبرسے جنوری کے درمیان جاری یو جی سی نیٹ امتحان میں شرکت کرکے یہ اعزازی نمبرات حاصل کئے ۔
اس امتحان میں ان کا مضمون سوشل سائنس تھا اس امتحان کامیابی حاصل کرنے کے بعد عامر سہیل جے آر ایف یا اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدہ کے لئے بھی کوالیفائی کرچکے ہیں۔اس امتحان میں سوشل سائنس مضمون سے 88؍ہزار 780طلبہ نے شرکت کی تھی ،جن میں سے صرف 800طالب علم ہی جے آر ایف میں کامیابی حاصل پائے ہیں ،یہ امتحان پورے ملک کے 837مراکز پر منعقد کرائے گئے تھے ۔
عامر سہیل بچپن ہی سے تعلیم کے حصول میں نہایت ہوشیا ر اور ہونہار رہے ہیں۔انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد یو جی سی نیٹ کی تیاری کی ۔خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ کامیابی بغیر کسی کوچنگ کے حاصل کی ہے ۔عامر سہیل کا کہنا ہے ان کی اس کامیابی میں والدین ،اساتذہ اور ان سے ہمدردی اور شفقت رکھنے والوں کا اہم رول ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک متوسط خاندان سے ہے اور وہ اپنی روزی روٹی کے لئے شہر کے ایک پرائیویٹ اسکول میں تدریسی خدمات انجام دیتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عامر سہیل نے بتایا کہ وہ مستقبل میں پی ایچ ڈی کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے یو پی ایس سی کی تیاری بھی شروع کردی ہے ۔
عامر سہیل کا کہنا ہے کہ زندگی میں عوامی خدمات کے علاوہ بہتر مقام حاصل کرنا ان کا خواب ہے جو اب شرمندہ تعبیر ہوتا نظر آرہا ہے ۔عامر سہیل نے تعلیم حاصل کرنے والے سبھی طلبہ وطالبات کے نام جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ آپ سخت محنت ،جد وجہد اور لگن ومستقل مزاجی سے زندگی میں اپنے کسی بھی خواب کی سچی تعبیر حاصل کرسکتے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ اگر طالب علم ہدف متعین کرکے تعلیم حاصل کرے گا تو انشاء اللہ انہیں کامیابی حاصل ہوگی۔ اس لئے ہمیں اس دور میں محنت کرنے کی سخت ضرورت ہے، کیوں کہ یہ دور مقابلوں کا دور ہے اور وہی طالب علم کامیاب ہوسکتا ہے جو محنت کرتا ہے۔ ان کی اس کامیابی پر متعلقین نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
کی ذمہ داری