دیوبند، 20؍ فروری
(رضوان سلمانی)
سہارنپور کے کوتوالی دیہات علاقہ کے گائوں رمضان پورہ میں جائیداد کے لالچ میں بھانجے نے اپنے ماموں کا بڑی بے رحمی سے قتل کردیا ، مذـکورہ گائوں میں تحسین عرف راجہ کی لاش ملنے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی راجیش کمارمع فورس کے موقع پر پہنچے اور لوگوں سے معلومات حاصل کیں تو معلوم ہوا کہ تحسین کا قتل اس کے سگے بھانجے عبدالسبحان اور اس کے ساتھی محسن نے جائیداد کے لالچ میں کیا ہے ۔
پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے،پولیس ہر پہلو پر جانچ کررہی ہے ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ایک عمررسیدہ شخص کا قتل کردیا گیا ، لاش گائوں کے باہر پڑی ملی ، مقتول کے گلے پر چوٹوں کے نشان ہیں ،پولیس کے مطابق مقتول کے سگے بھانجے عبدالسبحان اپنے ساتھی محسن کے ساتھ مل کر اپنے ماموں کا گلا گھونٹ کر ان کو موت کے گھاٹ اتارا ہے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، بتایا کہ جاتا ہے کہ تحسین کی بیوی 20سال قبل اسے چھوڑ کر چلی گئی تھی جس کے بعد اس کی بہن اس کے ساتھ اپنے بچوں کو لے کر رہنے لگی تھی ، بتایا جاتا ہے کہ تحسین کے پاس تقریباً 15کروڑ روپے قیمت کی 30بیگہہ زمین ہے ،پولیس کے مطابق تحسین کا بھانجہ عبدالسبحان پوری جائیداد اپنے نام کرانا چاہتا تھا لیکن تحسین ابھی تیار نہیں تھا ، جائیداد کو لے کر ماموں بھانجے کے درمیان اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا ۔
پولیس کے مطابق پوچھ تاچھ میں ملزمان نے بتایا کہ گزشتہ دیر رات ہی تحسین کو قتل کرنے کی اسکیم بنائی تھی ، دیر رات عبدالسبحان اپنے دوست کو لے کر گھر پہنچا ، رات کو تحسین کو سویا ہوا دیکھ کر اس نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر تحسین کا گلا دبادیا اور لاش کو کمرے میں ہی چھوڑدیا۔ صبح کو رونے چلانے کی آواز سن کر گائوں کے باشندے موقع پر پہنچے، جس کے بعد گائوں کے باشندوں نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی ۔
پولیس اطلاع ملتے ہی فوراً موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا، پولیس اس قتل میں بہن کی شمولیت کی بھی جانچ کررہی ہے، کیو ںکہ بہن نے زمین کی وصیت اپنے نام کرا رکھی تھی ۔ اس سلسلہ میں ایس پی سٹی راجیش کمار کا کہنا ہے کہ گھر میں لاش ملی ہے ، مقتول کے گلے پر چوٹ کے نشان ہیں ،مقتول کے بھانجے اور اس کے ایک ساتھی نے اس واردات کوانجام دیا ہے ،معاملہ کی تفتیش کی جارہی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔