روس اور یوکرین کے درمیان ہورہی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے وہاں پر تعلیم حاصل کررہے طلبہ کے اہل خانہ فکرمند

تازہ خبر عالمی

دیوبند، 24؍ فر وری
(رضوان سلمانی)
روس اور یوکرین میں جنگ کا آغاز ہوچکا ہے اور ایسے حالات میں ہندوستان کے شہری جو وہاں پر میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے اور ملازمت کرنے گئے ہوئے ہیں وہ پھنس گئے ہیں۔یہاں پر ان کے اہل خانہ پریشان ہیں ، دیوبند علاقہ کے بڑگائوں کے رہنے والے ڈاکٹر منیش سنگھ کے 22سالہ لڑکے پیوش رانا یوکرین کے ونیسیا شہر کی یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے سال اول کے طالب علم ہیں ۔ دونوں ممالک میں جنگ کے آغاز کی وجہ سے پیوش رانا کے والدین پریشان ہیں ۔

پیوش رانا کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا کسی طرح باحفاظت ہندوستان واپس آجائے ، جب کہ اس کی والدہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ پیوش رانا دسمبر 2021کے پہلے ہفتہ میں یوکرین میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے گئے تھے ، پیوش راناکی اپنے اہل خانہ سے آج بھی گفتگو ہوئی ہے اور اس نے اپنے والدین کو تسلی دی ہے کہ وہ یہاں خیریت سے ہے۔

پیوش راناکے والد ڈاکٹر منیش سنگھ بڑگائوں میں ایک میڈیکل اسٹور چلاتے ہیں ، منیش سنگھ نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں ۔ دوسری جانب سہارنپورضلع سے تین طالب علم وہاں پر تعلیم حاصل کرنے کے لئے گئے ہوئے ہیں جن میں سے ایک طالب علم 25فروری کو یوکرین سے روانہ ہوںگے ، ان کا ٹکٹ ہوچکا ہے ،جب کہ شعیب اور کاشف کے اہل خانہ نے وہاں کے سفارت خانہ سے رابطہ کیا ہوا ہے ۔

 

یہ بھی پڑھیں :❇️ ضلع جگتیــــال کی میــــڈیکل طالبہ یوکـــرین میں پھنس گئ

 

ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جہاں پر وہ رہ ہیں وہاں کے حالات بالکل ٹھیک ہیں۔ چلکانہ قصبہ کے محلہ ذاکر حسین کے رہنے والے عظیم انصاری ،مظہر حسین، شعیب قریشی اور بہٹ کے گائوں تاجپورہ کے رہنے والے محمد کاشف یوکرین میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے گئے ہوئے ہیں ، گزشتہ کچھ دنوں سے روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے جس کے سبب وہاں پر پھنسے سہارنپور کے عظیم ، شعیب اور کاشف کے اہل خانہ کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

عظیم انصاری 25فروری کو یوکرین سے ہندوستان واپس لوٹیں گے ، اس کے اہل خانہ نے بتایا کہ اس نے آنے کی پوری تیاری کرلی ہے ، جب کہ شعیب اور کاشف کی اگلے مہینے ایم بی بی ایس کے امتحان ہیں ، اس لئے وہ ابھی نہیں آئیں گے ، تینوں طالب علموں سے اہل خانہ برابر رابطہ کررہے ہیں ۔