یوکرین میں پھنسے ہوئے219 طلبہ وطن واپس

تازہ خبر قومی

ایئر انڈیا کا طیارہ طلبہ کو لے کر ممبئی پہنچا

ممبئی 26؍فروری

(اے ایم این ایس)

یوکرین کے بحران کے درمیان،ایئر انڈیا کا طیارہ AI-1943 یوکرین پر روس کے حملے کے تیسرے دن وہاں پھنسے ہوئے 219 ہندوستانی طلباء کو لے کر آج رات 8 بجے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔

پی ٹی آئی نیوز کے مطابق، ایئر انڈیا کا طیارہ بوئنگ 787 شام 7.50 بجے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔ اس کے ساتھ ساتھ 250 دیگر مسافروں کا ایک کھیپ بھی بخارسٹ، رومانیہ سے دہلی کے لیے روانہ ہوا ہے۔

مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ہوائی اڈے پر ان 219 مسافروں کا خیرمقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت شروع سے ہی ان کی حفاظت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ دیگر 219 شہریوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں اور جلد ہی تمام ہندوستانیوں کو جنگ سے متاثرہ یوکرین سے نکال لیا جائے گا۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 219 ہندوستانیوں کو وطن لانے کی معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا یوکرین سے اپنے شہریوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ وزیر خارجہ نے ٹویٹ کیا، 219 ہندوستانیوں کے ساتھ ممبئی کے لیے پہلی پرواز رومانیہ سے روانہ ہوئی ہے۔ ہندوستانی شہری یوکرین چھوڑ کر سڑک کے ذریعے پڑوسی ملک رومانیہ پہنچ رہے ہیں، جہاں سے انہیں گھر بھیجا جا رہا ہے۔