دارالعلوم دیوبند نے آئندہ تعلیمی سال کیلئے نئے داخلے لینے کا اعلان کیا

تلنگانہ قومی

طلبہ رمضان المبارک میں دیوبند کا سفر نہ کریں بلکہ اپنے گھر پر ہی داخلہ امتحان کی تیاری کریں۔مفتی ابوالقاسم نعمانی
دیوبند، یکم/ مارچ
(رضوان سلمانی)
عالمی شہرت یافتہ دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند نے نئے تعلیمی سال کے لئے داخلے لئے جانے کا اعلان کیا ہے۔واضح ہو کہ کورونا کی مہلک عالمی وباء کے باعث گذشتہ دو سالوں سے دارالعلوم دیوبند میں نئے داخلے لئے جانے پر پابندی عائد کررکھی تھی لیکن اب ادارہ کی جانب سے نئے داخلے لئے جانے کے اعلان کے بعد دارالعلوم دیوبند سے تعلیم کے حصول کے خواہشمند طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

پیر کے روز دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے نئے داخلوں کا اعلان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ کی مجلس تعلیمی نے نئے تعلیمی سال کے لئے رمضان المبارک کے بعد نئے داخلہ لئے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔واضح ہو کہ گذشتہ دو سالوں سے کورونا کی مہلک وباء کے باعث حکومت کی گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے ادارہ میں نئے داخلے نہیں لئے گئے تھے ۔

نئے داخلوں کا اعلان کرتے ہوئے ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند میں آئندہ 9؍مئی 2022سے داخلہ امتحان کا آغازہوگا۔انہوں نے طلبہ کے نام ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلبہ رمضان المبارک میں دیوبند کا سفر نہ کریں بلکہ اپنے گھروں پر رہ کر داخلہ امتحان کی تیاری کریں۔

انہوں نے بتایا کہ فارسی،عربی اول،عربی دوم،عربی سوم اور عربی چہارم کے داخلوں کیلئے 4؍مئی سے 7؍مئی2022تک داخلہ فارم دفتر تعلیمات میں جمع کرائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سال پنجم سے دورہ ٔحدیث تک کے داخلوں کے لئے طلبہ کو 4؍مئی سے 8؍مئی 2022تک داخلہ فارم متعلقہ دفتر میں داخل کرنے ہونگے جس کے بعد 9؍مئی سے داخلہ امتحان کا آغاز ہوگا ۔

یاد رہے کہ تعلیمی سال 2020اور 2021میں کورونا اور لاک ڈاؤن کے سبب داخلے نہیں لئے گئے تھے جس کیوجہ سے بہت سے طلبہ کو دارالعلوم دیوبند میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے طویل عرصہ تک انتظار کرنا پڑا لیکن اب دارالعلوم دیوبند کی جانب سے نئے داخلے لئے جانے کے اعلان کے بعد طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔