زون واری کیڈر سے مقامی نوجوانوں کو خدمات کا موقع ‘ کے سی آر کے فیصلہ کا خیرمقدم : فاروق حسین
حیدرآباد 9مارچ
(زین نیوز)
ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل مسٹر فاروق حسین نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے آج ایوان اسمبلی میں ایک بیان دیتے ہوئے 91,142 مخلوعہ سرکاری جائیدادوں کو پر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس میں سے 80,039 خالی جائیدادوں پر بھرتی کے لئے نوٹیفکیشن کی اجرائی کا اعلان کیا اور ماباقی 11,103کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا ۔
آزاد ہندوستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریاست میں آن واحد میں اتنی بڑی تعداد میں سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا ریاستی سربراہ نے مقننہ ایوان میں اعلان کیا ہوگا۔ انہوں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس اعلان کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اس سے حکومت کے خزانے پر 7 ہزار کروڑ روپئے سالانہ مالیتی بوجھ عائد ہوگا۔
انہوں نے صدارتی حکم نامہ میں تبدیلی کا بھی خیرمقدم کیا کہ اس کے ذریعہ سرکاری جائیدادوں کی زون واری تقسیم عمل میں لائی گئی جس سے ضلع ‘ منطقہ ‘ ہمہ منقطہ اور محکمہ جاتی جائیدادوں کی پوزیشن کا آسانی کے ساتھ علم ہوگا جس کے بعد جہاں تقررات میں آسانی ہوگی وہیں مقامی اہل نوجوانوں کو اپنے اپنے آبائی ضلعوں میں خدمات کا موقع پر فراہم ہوگا۔
مسٹر فاروق حسین نے اپنے اس بیان میں 33 اضلاع میں کیڈرس واری تقررات کے بعد مخلوعہ جائیدادوں اور ریاست کے دور دراز علاقوںمیں عملہ کے فقدان کے مسائل بھی حل ہوں گے ۔ انہوں نے ان سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے لئے بالائی عمر میں اضافہ کا بھی خیرمقدم کیا اور بتایا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لئے ایک لاکھ 12 ہزار 307 نئی جائیدادوں کو منظوری دی اور مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی بھی کی ۔
علاوہ ازیں ایک لاکھ 56 ہزار 254 جائیدادوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا جس میں سے تاحال ایک لاکھ 33 ہزار 942 جائیدادوں پر بھرتیاں عمل میں لائی گئیں ۔ مسٹر فاروق حسین نے تقررات کے لئے سالانہ کیلنڈر شائع کرنے کے فیصلہ کی بھی سراہنا کی اور کہا کہ اس سے صاف و شفاف انداز میں تقررات عمل میں آئیں گے ۔ حکومت نے مناسب مہلت کے ساتھ نوٹیفکیشن کی اجرائی کا فیصلہ لیا تاکہ روزگار کے خواہشمندوں کو تمام مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے کا موقع مل سکے ۔
مسٹر فاروق حسین نے بتایا کہ سابق صدارتی حکمنامہ کے مطابق مقامی تحفظات کا فیصد 60 سے 80 فیصد تک محدود تک مگر اب 95 فیصد مقامی تحفظات تمام جائیدادوں کے لئے قابل اطلاق ہوں گے اور 5 فیصد عام زمرہ میں بھی مسابقت کا امیدواروں کو موقع ملے گا ۔ اس طرح مقامی امیدوار ان کے اپنے اضلاع میں ضلعی کیڈر کی جائیدادوں اور ان کے منطقہ میں منطقہ واری کیڈر جایئدادوں کے لئے اہلیت کے حامل ہوں گے ۔انہوں نے آخر میں نوجوانوں سے حکومت کے اس فیصلہ سے استفادہ کی اپیل کی
