راج ناتھ کی پاکستان کو بالواسطہ وارننگ

تازہ خبر قومی

دہشت گرد ملک کو نشانہ بناتے ہیں تو سرحد پار کرنے سے نہیں ہچکچائے گا ہندوستان

گوہاٹی :23؍اپریل
(اے ایم این ایس)

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بالواسطہ طور پر پاکستان کو خبردار کیا ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کے روز زور دے کر کہا کہ ہندوستان سرحد پار سے ملک کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں دریغ نہیں کرے گا۔
وزیر دفاع یہاں ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جس میں 1971 کی بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں شامل آسام کے فوجیوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ہندوستان یہ پیغام دینے میں کامیاب رہا ہے کہ دہشت گردی سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اگر باہر سے ملک کو نشانہ بنایا گیا تو ہم سرحد پار کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ملک کی مشرقی سرحد پر مغربی سرحد کے مقابلے زیادہ امن اور استحکام ہے، کیونکہ بنگلہ دیش ایک دوستانہ پڑوسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہندوستان کو مغربی سرحد کی طرح مشرقی سرحد پر کشیدگی کا سامنا نہیں ہے کیونکہ بنگلہ دیش ایک دوست ملک ہے۔”

وزیر دفاع نے کہا، ‘مشرقی سرحد پر دراندازی کا مسئلہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ اس وقت سرحد (مشرقی سرحد) پر امن و استحکام ہے۔ شمال مشرق کے مختلف حصوں سے آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (AFSPA) کی حالیہ واپسی پر وزیر دفاع نے کہا کہ جب بھی کسی بھی جگہ پر حالات بہتر ہوئے، حکومت نے ایسا کیا

افسپا کے بارے میں غلط فہمی تھی۔
یہ بتاتے ہوئے کہ یہ غلط فہمی تھی کہ فوج ‘افسپا کو ہمیشہ نافذ رکھنا چاہتی ہے، مسٹر سنگھ نے کہا، "یہ صورتحال ہے جو افسپا کے نفاذ کے لیے ذمہ دار ہے، فوج نہیں۔” انہوں نے کہا کہ آسام کے 23 اضلاع سے یہ قانون واپس لے لیا گیا ہے۔ اس قانون کو منی پور اور ناگالینڈ کے 15 تھانوں کے علاقوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔