بنگلورو:11؍مئی
(زیڈ ایم این ایس)
کرناٹک میں مسجد پر زعفرانی پرچم: مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر پر جاری تنازعہ کے درمیان اب کرناٹک میں مذہبی ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ معلومات کے مطابق بدھ کو کرناٹک کے بیلگاوی ضلع کی ایک مسجد میں کچھ شرارتی عناصر نے بھگوا جھنڈا لگا دیا۔ یہ واقعہ بیلگاوی کے ستیگیرے گاؤں کی ایک مسجد سے متعلق ہے۔ تاہم اب یہ جھنڈا اتار دیا گیا ہے۔
یہاں پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیلگاوی کے ستگیرے گاؤں کی مسجد میں صبح سویرے بھگوا جھنڈا لہراتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ گاؤں بیلگاوی کے مدلگی تعلقہ میں واقع ہے۔ صبح نماز پڑھنے گئے لوگوں نے یہ جھنڈا دیکھا اور مسجد سمیت علاقے کے لوگوں کو اطلاع دی۔
A saffron flag was hoisted atop a Masjid at Arabhavi in Belagavi, Karnataka. Case registered, culprits not yet nabbed. The flag was brought down. @TheQuint pic.twitter.com/mPpPo3jbAJ
— Nikhila Henry (@NikhilaHenry) May 11, 2022
اس کے ساتھ ہی یہ معاملہ سامنے آتے ہی علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ تاہم، مسلم اور ہندو دونوں فریقوں کے لوگوں نے معاملہ بگڑنے سے پہلے ہی سنبھال لیا۔ اس کے بعد بھگوا پرچم اتار دیا گیا۔ فی الحال علاقے میں امن ہے۔ لیکن احتیاط کے طور پر گاؤں میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
اس معاملے میں مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ہی پولیس نے جھنڈا لگانے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس مسجد کے ارد گرد نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
اس سے قبل کرناٹک کے کدابا میں ایک چرچ پر بھگوا پرچم لہرانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ ہفتے چرچ میں کچھ کام چل رہا تھا اور اسی دوران کچھ لوگوں نے وہاں بھگوا جھنڈا لگا دیا تھا۔ تاہم، بعد میں پولیس نے جھنڈا ہٹا دیا اور شکایت درج کرنے کے بعد ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔