گیانواپی مسجد کے بعد متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کا سروے کے لئے کمشنر مقرر کرنے کا مطالبہ

تازہ خبر قومی

کورٹ میں عرضیا ں دائر۔یکم جولائی کو سماعت

نئی دہلی : 13؍مئی
(زین نیوز)

ملک کی ریاستوں میں مندر اور مسجد کو لے کر زیادہ معاملہ چل رہے ہیں۔ وارانسی کی گیانواپی مسجد کے سروے کی بحث کے درمیان اب کمشنر کے ذریعہ متھرا میں شری کرشن جنم بھومی مندر سے متصلشاہی عیدگاہ مسجد کا سروے کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مدعی منیش یادو کی درخواست متھرا کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔

درخواست گزار ایڈوکیٹ مہیندر پرتاپ سنگھ نے پٹیشن میں عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمشنر کے طور پر ایک سینئر وکیل کو تفویض کرے، جو جا کر زمین کا جائزہ لے اور اس پر موجود ہندو نشانات کی تفصیل دے سکے۔

اس موضوع پر درخواست دائر کرنے والے مدعی منیش یادو، مہندر پرتاپ سنگھ اور دنیش شرما نے الگ الگ اسی طرح کی درخواست دائر کی ہیں۔ اس میں کورٹ کمشنر کی تقرری کرکےشاہی عیدگاہ مسجد کی ویڈیو گرافی کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں سماعت کے لیے تمام فریقین کو یکم جولائی کی تاریخ دی ہے۔ اب یکم جولائی کو عدالت فیصلہ کرے گی کہ درخواست قبول کی جائے گی یا نہیں۔

متھرا کی شری کرشنا جنم بھومی اور شاہی عیدگاہ مسجد تنازعہ کے معاملات کو جلد حل کرنے کی عرضی پر جمعرات کو ہی الہ آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ نے متھرا کی عدالت کو ہدایت دی ہے کہ تمام درخواستوں کو زیادہ سے زیادہ چار ماہ میں نمٹا دیا جائے۔

ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ اگر سنی وقف بورڈ اور دیگر فریق سماعت میں حاضر نہیں ہوتے ہیں تو اس معاملے پر ایک فریقی حکم جاری کیا جائے۔ یہ عرضی نارائنی سینا کے قومی صدر منیش یادو کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔