ورلڈ وومنس باکسنگ چیمپئن شپ’ کا باوقار خطاب جیتنے پر کے سی آر کا اظہار مسرت
حیدرآباد:19/مئی
زین نیوز
وزیراعلی جناب کے چندرشیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والی خاتون باکسر شریمتی نکہت زرین کی جانب سے ‘ورلڈ وومنس باکسنگ چیمپئن شپ’ کا باوقار خطاب جیتنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے مذکورہ چمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے پر نکہت زرین کو مبارکباد پیش کی۔
عالمی سطح کے اس مقابلے میں فتح کے ذریعے بھارت کا پرچم بلند کرنے پر وزیراعلی نے نکہت زرین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
وزیراعلی نے کہا کہ یہ قابل فخر لمحہ ہیکہ ریاستی حکومت کی حوصلہ افزائی کے باعث نکہت زرین باکسنگ کے اس عالمی مقابلے میں چیمپئن کے طور پر اُبھری ہے۔
وزیراعلی نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کھلاڑیوں کی ہر محاز پر حوصلہ افزائی کرتی آرہی ہے اور ریاست بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تمام مواضعات میں ‘رورل اسپورٹس سنٹرز’ کے قیام کے لئے درکار اقدامات کررہی ہے.