لالو پرساد یادو پر نوکریوں کے بدلے امیدواروں سے زمین لینے کا نیا مقدمہ درج

تازہ خبر قومی

لالو پرساد یادو کے 17 مقامات پر سی بی آئی کے چھاپے

پٹنہ : 20؍مئی
(زیڈ ایم این ایس)
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی مشکلات میں ایک بار پھر اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ جمعہ کی صبح مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے لالو کے 17 مقامات پر چھاپے مارے۔ معلومات کے مطابق، سی بی آئی نے بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کے خلاف ریلوے میں نوکریوں کے بدلے امیدواروں سے زمین لینے کا نیا مقدمہ درج کیا ہے۔

لالو پر یو پی اے حکومت میں ریلوے کے وزیر کے طور پر اپنے دور میں گھوٹالے کا الزام ہے۔
لالو پرساد یادو کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے بارے میں حکام نے کہا ہے کہ تفتیشی ایجنسی نے دہلی اور بہار میں 17 مقامات پر چھاپے مارے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مبینہ گھوٹالہ اس وقت کا ہے جب لالو پرساد یادو یو پی اے حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے۔

واضح رہے کہ 73 سالہ لیڈر کو حال ہی میں چارہ گھوٹالہ کے پانچویں معاملے میں ضمانت ملی ہے۔ یہ چارہ گھوٹالہ کا آخری کیس ہے جس میں وہ ضمانت پر جیل سے باہر آئے ہیں۔

لالو پرساد یادو کی زیادہ سے زیادہ پانچ سال کی سزا پانچ مقدمات میں پوری ہو چکی ہے۔ جیل مینوئل کے مطابق، سخت قید کی سزا پانے والوں کے لیے، نو ماہ کی سزا کو ایک سال کی سزا کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔ لالو پرساد کو حال ہی میں ہائی کورٹ سے ضمانت ملی ہے۔ لالو یادو کو 42 ماہ کی سزا سنائی گئی ہے۔

خبر کے مطابق سی بی آئی نے لالو یادو اور ان کی بیٹی کے خلاف نیا مقدمہ درج کرنے کا کام کیا ہے۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں ابتدائی جانچ کی تھی جس کے بعد سی بی آئی نے کیس درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سی بی آئی بہار کی راجدھانی پٹنہ میں سابق وزیر اعلیٰ اور لالو پرساد یادو کی اہلیہ رابڑی دیوی کے گھر بھی پہنچ گئی ہے۔

نیوز ایجنسی اے این آئی نے اطلاع دی ہے کہ سی بی آئی نے آر جے ڈی سربراہ لالو یادو اور ان کی بیٹی کے خلاف بدعنوانی کا نیا مقدمہ درج کیا ہے۔ لالو یادو کو لے کر دہلی اور بہار میں 17 مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔