نئی دہلی : ؍12جنوری
زین نیوز ڈیسک
متحدہ کسان مورچہ رہنماؤں نے تینوں زرعی قوانین پر پابندی عائد کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا لیکن کہا ہے کہ جب تک وہ قوانین واپس نہیں لیتے وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ متحدہ کسان مورچہ نے 40 کے قریب کسان تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے اگلے قدم پر غور کرنے کے لئے ایک اجلاس طلب کیا ہے۔ کسان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر کردہ کسی بھی کمیٹی سے پہلے کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لینا چاہتے لیکن اس سلسلے میں باضابطہ فیصلہ لیا جائے گا۔سینئر مورچہ رہنما ابیمانیو کوہر نے کہا ہم زرعی قوانین پر پابندی عائد عدالتی حکم کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ قوانین کو مکمل طور پر واپس لیا جائے۔ ایک اور کسان رہنما ہریندر لوکھوال نے کہا کہ یہاں تک جب تک متنازعہ زرعی قوانین کو واپس نہیں لیا جاتا ہے مظاہرے جاری رہیں گے۔ سپریم کورٹ نے منگل کو متنازعہ زرعی قوانین کو اگلے حکم تک روک دیا اور مرکز اور کسان تنظیموں کے مابین تعطل کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ ان قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر کسان احتجاج کر رہے ہیں۔چیف جسٹس (سی جے آئی) ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں بنچ نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں احکامات پاس کرے گا۔ کمیٹی تینوں قوانین کے خلاف کسانوں کی شکایات پر غور کرے گی۔ گذشتہ سال 28 نومبر سے ہریانہ اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں کے کسان دہلی کی مختلف سرحدوں پر مظاہرہ کر رہے ہیں اور وہ ان تینوں قوانین کو واپس لینے اور اپنی فصلوں کے لئے کم سے کم سپورٹ قیمت کی قانونی ضمانت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
