راکیش ٹکیت پر حملہ کے خلاف دیوبند میں دھرنا

تازہ خبر قومی

ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

دیوبند، 31؍ مئی
(رضوان سلمانی)
کرناٹک کی راجدھانی بنگلور میں پریس کانفرنس کے دوران بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان او رکسا ن نیتا راکیش ٹکیت پر حملے اور سیاہی پھینکنے کے خلاف آج بھارتیہ کسان یونین کے کارکنان نے کوتوالی احاطے میں احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ اس دوران ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

آج کسان یونین کے کارکنوں کی بڑی تعداد کوتوالی پہنچی اور دھرنا دیا۔ احتجاج کرنے والے کسانوں نے بنگلور میں راکیش ٹکیت پر سیاہی پھینکنے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد ملزمان کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو بڑا احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے پس پشت بڑی سازش قرار دیتے ہوئے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ حکومت کے اشارہ پر کسان لیڈر کو نشانہ بنایا گیا اور یہ کسانوں کی آواز کو دبانے سازش ہے ،لیکن ہم جھکنے یا ٹوٹنے والے نہیں اگر جلد ہی کسان لیڈر کے ساتھ اس قابل مذموم حرکت کے ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی پورے ملک میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔

اس موقع پر تحصیل صدر ایشور چند آریہ، بلاک صدر ونے کمار،شہر صدر کیہر سنگھ،عبدالستار گوڑ، للت کمار، سرتاج پردھان، عثمان ملک، محمد صابر، نواب احمد، سنجے کمار، ونود کمار، محمد وسیم، بھورا تیاگی، گلفام،ساجد ملک،آصف وغیرہ موجودرہے۔ادھر کسان سنگھ کے صوبائی کنوینر شیام ویر تیاگی نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزم کوفوری گرفتا رکرکے کارروائی کی مانگ کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات کی جمہوریت میں کوئی جگہ نہیں ہے،جمہوریت میں سبھی کو اپنی آواز بلند کرنے حق ہے لیکن دوسروں کی عزت کی سلامتی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کسی کسانوں سے اتنی ہمدردی ہے تو انہیںکسانوں کی فصلوں کی واجب قیمتیں دلانے کے لئے کوشش کرنی چاہئے ۔وہیں دیوبند ک محلہ اندرون کوٹلہ کے رہنے والے کسان غیور نے وزیر اعلیٰ کو بھیجے گئے ایک خط میں بتایا ہے کہ ان کی زرعی زمین پر آبپاشی کے لیے استعمال ہونے والے الیکٹرک ٹیوب ویل کے کنکشن کو محکمہ بجلی نے بغیر کسی وارننگ کے کاٹ دیا ہے۔ تاہم اس کی طرف بجلی کا کوئی بل بقایا نہیں ہے۔ اتنا ہی نہیں محکمہ کا ملازم اس کی بجلی کی تار بھی لے گیا۔ متاثرہ کسان نے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔