مہامنڈلیشور سوامی اسنگانند مہاراج کی پچاس ویں برسی پر گولڈن جبلی تقریبات کا انعقاد
دیوبند 26؍ جون
(رضوان سلمانی)
مہامنڈلیشور سوامی اسنگانند مہاراج کی پچاس ویں برسی پر گولڈن جبلی تقریبات کے تحت پندرہ روزہ پروگرام کا انعقاد ہرے رام آشرم ہریدوار میں مہامنڈلیشور سوامی شری 1008 کپل منی مہاراج کی سرپرستی میں منعقدکیا گیا۔ اس پروگرامی کی آخری تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کی سپریم کورٹ کے سابق جج خلیل الرحمان رمدے رہے۔
اس موقع پر مشہور صوفی خواجہ پیر محمد لاہوری مرحوم کی کتاب ’’دل کی گیتا‘‘ (مقدس کتاب بھاگوت گیتا کا منظوم ترجمہ) کا ہندی زبان میں ترجمہ بذریعہ پنڈت لکشمن داس مہاراج کی رونمائی بدست سابق جج خلیل الرحمان رمدے ، بابا رام دیو اور سوامی کپل دیو مہاراج کے کے ذریعہ عمل میں آئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خلیل الرحمان نے کہا کہ ابتدائے آفرینش سے تمام مذاہب کا کام برائی کاخاتمہ اور سچائی کے ذریعہ لوگوں کو خیر کے لئے جوڑنا اور قریب لانا رہاہے اور یہی کام موجودہ دور میں زیادہ سنجیدگی سے ہونا چاہئے ۔
پنڈت لکشمن داس مہاراج (مترجم ہندی) کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا کام گیتا کے منظوم ترجمہ کو ہندی قارئین کے لئے عالم انسانیت کو گراں قدر تحفہ ہے جو دو بڑے مذاہب کے درمیان ایک پل کا کام ثابت ہوگا۔ یوگ گرو سوامی رام دیو نے بھی اس کتاب کی سراہنا کی اور کہا کہ یہ کتاب روحانی دنیا کے لئے واقعی ایک تحفہ ہے۔ واضح رہے کہ مقدس گیتا کے 60 سے زیادہ تراجم اردو اور ہندی زبانو ںمیں دستیاب ہیں مگر سب سے زیادہ شہرت صوفی خواجہ دل محمد لاہوری کے ترجمہ کو حاصل رہی ہے ۔
خواجہ دل محمد ؒلاہور کے ڈی اے وی کالج میں رجسٹرار تھے اور انہیں اس کتاب کی اشاعت پر انگریز حکومت کی طرف سے گراں قدر انعام اور سونے کا تغمہ عطا کیا گیا تھا۔ گیتا کے ہندی ترجمہ میں اصل سنسکرت کے اشلوک بھی درج ہیں ۔اس کتاب کی تشکیل میں پروفیسر پردیپ جوشی اور ان کی شریک حیات پروفیسر گیتا جوشی کا بھی بھر پور تعاون رہاہے۔
صدر جلسہ مہا منڈلیشور سوامی کپل مونی مہاراج نے کہا کہ ہندوستانی سماج کی تشکیل میں سادھو سنتوں اور صوفیوں کا برا اہم کردار رہا ہے یہ حضرات سماج میں ہمیشہ سفیر محبت اور پریم دوت کہلائے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب روحانی دنیا کے لئے محبت پریم اور بقائے باہمی کاخوبصورت پیغام ہے اور ہم سدبھائونا ایکتا اور اتحاد کے ہمیشہ علمبردار رہیں گے صوفیوں اور خانقاہوں سے ہمارے آشرم کے خوشگوار تعلق کا سلسلہ رہا ہے ۔
اس موقع پر موجود لوگوں میں سوامی چدا نند سرسوتی (پرمارنکیتن )سوامی کرشن منی ، مہنت شری روندر پری صدر کل ہند اکھاڑہ پریشد، پروفیسر تنویر چشتی سجادہ نشین حضرت شاہ ولایت ، مہنت درگا داس ،شری مہنت رگھو منی ، کیلاش چند مہاراج ، اودھیشانند مہاراج ، آچاریہ بال کرشن ، گرو شرنانند مہاراج ،شری مہنت برہم رشی مہاراج ، مہنت کیشو منی ، سوامی امیش منی کے علاوہ سابق وزیر تعلیم نشنک جی سابق صوبائی وزیر مدن کوشک (صوبائی صدر بی جے پی) ڈاکٹر برہم چند شاشتری جی آچاریہ نیلامبر اور مشہو کتھا واچک وجے کوشل جی کے نام قابل ذکر ہیں۔اس موقع پر سابق جج خلیل الرحمان رمدے اور پرفیسر تنویر چشتی کو اعزاز سے بھی کیا گیا ۔