پوری دنیا میں اردو کا فروغ قومی اردو کونسل کامشن

تازہ خبر تلنگانہ

پروفیسر شیخ عقیل احمد ۔ اردو یو نیورسٹی کے شعبہ اردو میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کا استقبال

حیدرآباد، 8 2/ جولائی
(پریس نوٹ )
” میں اردو کا خدمت گار ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ جہاں بھی جاؤں وہاں مجھے اردو بولنے والے لوگ ملیں۔ پوری دنیا میں اردو کا فروغ قومی اردو کونسل کا مشن ہے اور اس سلسلے میں ہم لوگ پوری سنجیدگی اور نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار قومی کونسل براے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کل شعبۂ اردو، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوۓ کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اردو ملک میں رابطے کی اہم زبان ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ انگریزی کے متبادل کے طور پر ابھرے گی۔ وبینار نے پوری دنیا کی اردو آبادی کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے ۔

ہم لوگ ملک کے ان خطوں میں بھی اردو کا پرچم بلند کرنے کے لیے کوشاں ہیں جہاں اردو بولنے والے بہت کم ہیں۔

قومی اردو کونسل کی جانب سے فروغ اردو کے سلسلے میں کتابوں کی اشاعت، سیمینار اور ورکشاپ کے انعقاد تحقیقی منصوبوں کی تکمیل اور دیگر بہت سی اسکیموں کے تحت فنڈ کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

مجھے خوشی ہوگی اگر شعبہ اردو کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز کونسل کی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں ۔انھوں نے طلباء و طالبات کو کارل مارکس کے مشورے کے مطابق خوب مطالعہ کرنے اور اپنی صلاحیت کو بہتر بنانے کی ترغیب دی۔

صدر شعبہ اردو پروفیسر شمس الہدی در یا بادی نے مہمان کا استقبال کرتے ہوۓ کہا کہ پروفیسر شیخ عقیل احمد کا ہمارے شعبے سے گہرا تعلق رہا ہے اور وہ ماضی میں بھی پی ایچ ڈی کے ممتحن بن کر یہاں تشریف لا چکے ہیں۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کے طور پر بھی انھوں نے ہمارے شعبے پر خاص توجہ دی ہے اور کونسل کے اشتراک اور مالی معاونت سے کئی بین الاقوامی اور قومی سمیناروں کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ان کا بھر پور تعاون جاری رہے گا۔ اس موقعے پر انھوں نے شعبے کی کارگزاریوں کی مختصر رپورٹ بھی پیش کی ۔

جلسے میں سینئر استاد پروفیسر فاروق بخشی نے پروفیسر عقیل کے حوالے سے نجی یادوں کا ذکر کیا اور ان کی محنت ، ایمانداری، حق گوئی اور سادگی کی ستائش کی۔اس موقعے پر ڈاکٹر ابو شہیم خان نے ڈائرکٹر این سی پی یو ایل کی علمی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالی ۔

ڈاکٹر فیروز عالم نے پروفیسر عقیل احمد کا جامع تعارف پیش کیا اور ان نی تعلیمی اور انتظامی کارکردگی سے واقف کرایا نیز جلسے کی نظامت بھی کی

شعبے کے استاد ڈاکٹر جابر حمزہ کے اظہار تشکر پر جلسے کا انتظام عمل میں آیا۔ اس موقعے پر اساتذہ ڈاکٹر بی بی رضا خاتون ، ڈاکٹر احمد خاں ، ڈاکٹر مصباح انظر، ڈاکٹر بدر سلطانہ کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجودتھی۔