شولاپور میں جمعیۃ ہسپتال کا شاندارافتتاح

تازہ خبر قومی

جمعیۃ کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے، جمعیۃ ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر مولانا ندیم صدیقی و دیگر کا اظہار خیال*

شولاپور ۔ 31 جولائی
(پریس ریلز)
۔جمعیۃ علماء ضلع شولاپور کے ذریعہ جمعہ کو رحمت بی ٹیکری، سدھیشور پیٹھ،شولاپور میں جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کے دست مبارک سے جمعیۃ ڈے کیئر اسپتال کا افتتاح عمل میں آیا ۔

 

ہسپتال افتتاح کے موقع پر مولانا ندیم صدیقی صاحب نے جمعیۃ علماء کی جانب سے بنائے گئے اس ہسپتال اور اس کے لئے کوشش کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے فرمایا کہ جمعیۃ کا یہ ہسپتال ضلع بھر سے آنے والے غریب مریضوں کو بلا لحاظ ذات پات، مذہب اور نسل کے انتہائی معمولی شرح پر بہترین خدمات فراہم کرے گا،اور ہر طرح کے مریضوں کا ماہر معالجین کی نگرانی میں علاج کیا جائےگا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خدمتِ مخلوقِ خدا کے ذریعہ دوسروں کو نفع پہنچانا اسلام کی روح اور ایمان کا تقاضا ہے۔ ایک بہترین مسلمان کی یہ خوبی ہے کہ وہ ایسے کام کریں جو دوسرے انسانوں کیلئے مفید اور نفع بخش ہوں۔ خدمت خلق کو بطور عبادت ادا کیا جائے تو جہاں خدمت خلق سے اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل ہو گی وہاں معاشرہ میں ایک دوسرے انسان کے دل میں باہمی احترام اور محبت پیدا ہو گی انسان کو خود اپنی ضرورت پورا کرنے میں جتنا سکون ملتا ہے اس سے کہیں زیادہ خدمت خلق کرنے والے انسان کو روحانی تسکین نصیب ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو خلوص کے ساتھ خلق خدا کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مولانا محمد ابراہیم قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ضلع شولاپور) نے تعارف میں بتایا کہ اس اسپتال کے قیام کی واحد وجہ غریبوں اور غریبوں کو کم قیمت پر بہترین مریضوں کی دیکھ بھال فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر جمعیۃ علماء شولاپور کی ویب سائٹ اور ٹول فری نمبر کا اجراء بھی کیا گیا۔ شولاپور جمعیۃ ڈے کیئر اسپتال میں میڈیسن، پیڈیاٹرکس، فزیوتھراپی، آرتھوپیڈک، لیب، ایکسرے اور اچھی طرح سے لیس طبی سہولیات موجود ہیں۔

 

اس موقع پر جناب الیاس شیخ صاحب، حاجی ناصر خلیفہ صاحب، حاجی ایوب بھائی قریشی صاحب مولانا حبیب الرحمن قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مراہٹواڑہ ) قاری شمس الحق صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مراہٹواڑہ )و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔