طلبہ اپنی دینی واخلاقی تربیت کی فکرکریں، سنت و شریعت کے مطابق زندگی گزاریں : مولانا سید بلال تھانوی 

تازہ خبر قومی
مولانا سید بلال تھانوی کا جامعہ رحمت گھگھرولی میں شاندار استقبال 
دیوبند، 2؍ اگست
 (رضوان سلمانی)  
معروف و ممتاز شخصیت مولانا سید بلال تھانوی خانقاہ اشرفیہ باغپت خلیفہ محیی السنہ مولانا شاہ ابرار الحق ہردوئی رحمۃ اللہ علیہ اصلاحی دورے کی  غرض سے گزشتہ شام جامعہ رحمت گھگھرولی سہارنپور میں تشریف لائے ، جہاں پر ادارہ کے روح رواں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی اور ادارہ کے اساتذہ نے ان کا پرزور استقبال کیا۔
 اس موقع پر مولانا سید بلال تھانوی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنی دینی واخلاقی تربیت کی فکرکریں، سنت و شریعت کے مطابق زندگی گزاریں اور خاص طور سے ہمہ وقت با وضو رہنے کا اہتمام کریں اور بعد مغرب اوابین کا بھی اہتمام کریں کہ آپ عوام و خواص ہر ایک کے لیے نمونۂ عمل بنیں گے اور امت کی راہنمائی فرمائیں گے۔
مولانا نے اجتماعی دعا کراتے ہوئے مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی مدظلہ کے لیے دعائِ صحت کرائی۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے جامعہ رحمت گھگھرولی سہارنپور کے اساتذہ و طلباء کے ساتھ بڑی گرم جوشی کے ساتھ مولانا کا مع قافلہ کے استقبال کیا، اور طلبہ و اساتذہ سے مولانا کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ مولانا عوام و خواص میں بے حدمقبول و محترم شخصیت ہے، مولانا ان علماء ربّانین میں سے ہیں جو علم و فضل، صلاح و تقویٰ،اعتدال اور نرم روی میں ممتاز مقام کے ساتھ امت کی اصلاح و ترقی اورمسلمانوں میں دینی روح پھونکنے کے لیے مصروف عمل ہیں،
 مولانا کے قافلہ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ آج علم و روحانیت کی بارات نکلی ہوئی ہے۔ مولانا تشریف لائے،یہ آپکی  ہمارے تئیں محبت ہی ہے، اللہ تعالی مولانا کی عمر میں برکت عطا فرمائے اور اسی طرح آپ ہمیں اپنی شفقتوں و عنایتوں سے نوازتے رہیں۔
قافلہ میں علماء و ذمہ داران مدارس کے ساتھ کافی متعلقین ہمراہ رہے۔ بعد ازاں مولانا اولا ًعالمی روحانی رائے پور رحیمی خانقاہ تشریف لے گئے، جہاں پر خانقاہ کے سربراہ شاہ عتیق احمد سے ملاقات کی اور روزانہ آنے والے مہمانوں اور علماء کو ناصحانہ خطاب کیا اور دعا کرائی۔
 اس موقع پر خانقاہ رائے پور کے ناظم و متولی شاہ عتیق احمد نے خانقاہ کی تاریخ بیان کی ،خانقاہ کے ترجمان مولانا ڈاکٹر بدر عالم ندوی کو حضرت مولانا نے سر پر ہاتھ رکھ کر دعائیں دیں۔
 ابتدا میں مولانا بدر عالم اور اساتذہ نے اپنے رفقاء قاری افتخار،قاری محمد ناصر،حافظ محفوظ، قاری ارشد،حافظ فضل الرحمان، مولانا دلشاد،قاری محمدعاطف، قاری محمد اظہر،قاری عنایت الرحمن، مفتی مکرم وغیرہ کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا۔ بعد ازاں مولانا نے حضرت مولانا سید مکرم حسین قدس سرہ کی تعزیت کے لئے سنسار پوراور خانقاہ پٹھیڑھ بھی گئے۔