دیوبند، 14؍ اگست
(رضوان سلمانی) دیوبند اور آس پاس کے علاقوں میں پھیری لگاکر برتن بیچنے والا اور میرٹھ کا باشندہ نوجوان گذشتہ 6دنوں سے مشتبہ حالات میں لاپتہ ہے ۔اتوار کے روز اس کے اہل خانہ نے دیوبند کوتوالی پہنچ کر ان کے بیٹے کو تلاش کرنے کی فریاد کی ۔پولیس نے لڑکے کی گمشدگی درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔
تفصیل کے مطابق میرٹھ کا باشندہ 27سالہ نوجوان سلیم دیوبند میں برتنوں کی پھیری لگاکر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتا ہے ۔سلیم گذشتہ 9؍اگست کو سائیکل پر برتن فروخت کرنے کے لئے گیا تھا لیکن 6دن گزر جانے کے بعد بھی اس کا کوئی پتہ نہیں ہے ۔سلیم کے اہل خانہ نے پریشان ہوکر دیوبند کوتوالی میں اپنے بیٹے کی گمشدگی سے متعلق تحریر دیتے ہوئے سلیم کو تلاش کرنے کی فریاد کی ۔
بتایا جاتا ہے کہ سلیم دیوبند میں اپنے دوسرے تین ساتھیوں ارباز،عمر اور آباد کے ساتھ تلہیڑی چنگی کے قریب کرائے کے ایک مکان میں رہتا تھا اور یہیں سے برتن فروخت کرنے کے لئے آمد ورفت کرتا تھا لیکن 6یوم قبل سلیم مشتبہ حالات میں غائب ہوگیا ۔تلاش کرنے کے باوجود ابھی تک اس کا کو ئی سراغ نہیں مل پایا ہے ۔
پریشان حال اہل خانہ شاہ نواز ،مہتاب اور ظفر اتوار کے روز دیوبند کوتوالی پہنچے اور ایک تحریر دیکر سلیم کو تلاش کرنے کا مطالبہ کیا۔کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا نے بتایا کہ سلیم کی گمشدگی کا معاملہ ان کے علم میں ہے اس سلسلہ میں ملنے والی تحریر کی بنیاد پر معاملہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے ۔