دیوبند ، 16؍ اگست
(رضوان سلمانی)یوم آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر ’’آزادی کا امرت مہا اتسو‘‘ علاقہ کے معروف ادارے جامعہ طبیہ دیوبند میں بڑے جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔ اس موقع پر ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے پرچم کشائی کی ، بعد ازاں انسانی زنجیر بناکر پربھات پھیری نکالی اور گائوں گائوں جاکر گھر گھر ترنگا مہم کے تحت لوگوں کو جھنڈا لہرانے کے لئے بیدار کیا اور گائوں کے باشندوں کو جھنڈے تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں کالج کے طاہر ہال میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طو رپر ریاست کے وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز حافظ حشیم انور کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اس دوران وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے اسپتال میں داخل مریضوں کو پھل تقسیم کئے اور مفت آکسیجن کنسنٹریٹر کا افتتاح کنور برجیش سنگھ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے بتایا کہ مفت آکسیجن کنسنٹریٹر کی سہولت پورے اترپردیش میں مہیا کرائی جائے گی ۔ اگر کسی بھی شخص کو آکسیجن کنسنٹریٹر کی ضرورت کسی بھی شخص کو پڑتی ہے تو اس کو ادارہ کی جانب سے مفت پہنچانے کا کام کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند نے کووڈ کے دور میں اپنی جو خدمات دی ہیں وہ قابل تعریف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ادارہ دیوبندہی میں نہیں بلکہ پوری ریاست میں ایک مثالی ادارہ ہے۔ کنور برجیش سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے ذریعہ آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام چلاکر ملک کے ہر شہری کے دل میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو دوسری مرتبہ ریاست کا وزیر اعلیٰ بنانے میں خواتین کا اہم کردار ہے ، اس کی سب سے بڑی وجہ بی جے پی حکومت نے خواتین کو سیکورٹی مہیا کرائی ہے جس کے سبب آج خواتین اپنے آپ کو محفوظ محسوس کررہی ہیں۔ انہوں نے جامعہ طبیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ہمیشہ خدمت خلق کے جذبہ سے ہر وقت تیار رہتا ہے اور اس کی مثال انہوں نے پیش بھی کی ہے ، چاہے وہ کووڈ کا معاملہ ہو یا پھر کانوڑ یاترائوں کی خدمت ۔
مجھے خوشی ہے کہ ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید فلاحی کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وہاں پر موجود سبھی طلبہ وطالبات کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی۔ ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر آزادی کا امرت مہا اتسو منایا جارہا ہے ، گھر گھر ترنگا مہم کے تحت جو مہم چلائی گئی تھی وہ کامیاب ہوئی ۔
ڈاکٹر انور سعید نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے ذریعہ آیوش کی ترقی کے لئے جو کام کئے جارہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی وجہ سے ہی آیوش ڈاکٹروں کی شناخت ہوئی ہے ۔ ڈاکٹر انور سعید نے وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا گرو گورکھ ناتھ آیوش یونیورسٹی کے قیام پر مبارک باد پیش کی۔
پروگرام کی صدارت کررہے بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر 76واں یوم آزادی منارہے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ وطالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک کی آزادی میں جن اکابرین نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر آزادی دلائی ان کے بارے میں ہمیں علم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا کام جو اب سے پہلے 70سال میں نہیں ہوپایا وہ وزیراعظم کی قیادت میں کچھ سالوں میں ہی کردیا گیا۔
اس دوران کالج کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ کو سپاس نامہ پیش کیا گیا اور اسی کے ساتھ ساتھ کنور برجیش سنگھ کے والد مجاہد آزادی ٹھاکر مکند سنگھ کے صاحبزادے ڈاکٹر راج کمار راوت کو شال اُڑھاکر مجاہدین آزادی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس دوران کالج کے طلبہ وطالبات نے ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔
پروگرام کی نظامت اسپتال جامعہ طبیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احتشام الحق نے انجام دی،ادارہ کے طلبہ وطالبات کو ثقافتی پروگرام پیش کرنے اور امتحان میں اول دوم، سوم پوزیش لانے والے طلبہ وطالبات کو اعزاز سے نوازا گیا اور ساتھ ہی کووڈ اور کانوڑ یاتریوں کی خدمت کرنے والے ملازمین کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اشوک گپتا، جناردھن داس تیاگی، بی جے پی شہر صدر نتن گرگ، یشونت رانا، ارون گپتا ، وکاس تیاگی، راجیش ، پون دھیمان، راگھو پنڈیر ، رام موہن سینی، عبدالقادر خاں، اسعد جمال فیضی، کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ناصر علی خاں، وائس پرنسپل ڈاکٹر محمد فصیح، ڈاکٹر زبیر عالم، ڈاکٹر محمد اعظم، ڈاکٹر مزمل سمیت اسٹاف اور طلبہ وطالبات موجود رہے۔