مغویہ بچی والدین کے حوالے
کریم نگر : 16؍اگست
(زین نیوز)
کریم نگر کمشنریٹ پولیس نے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ڈیڑھ سالہ بچی کے اغوا کو چار گھنٹے کے اندر حل کرلیا، مغویہ بچی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا اور اغوا میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
منگل کو یہاں میڈیا کے سامنے ملزم کو پیش کرتے ہوئے کمشنر آف پولیس وی ستیہ نارائنا نے کہا کہ ایک آٹورکشا ڈرائیور سینی گاراپو سنتوش نے مبینہ طور پر لڑکی کو اس وقت اغوا کیا جب وہ پیر کی شام تقریباً 7 بجے اشوک نگر میں اپنی رہائش گاہ کے سامنے کھیل رہی تھی۔ لڑکی کے غائب ہونے پر والدین نے اسے تلاش کیا اور اہل علاقہ نے بتایا کہ ایک آٹورکشہ ڈرائیور لڑکی کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گیا۔ لڑکی کے والد محمد قطب الدین نے رات 9.30 بجے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کی خصوصی ٹیمیں حرکت میں آگئیں اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔ انہوں نے مختلف راستوں پر سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور گاڑی منچریال چوک کے قریب پائی۔ بعد میں، گاڑی منگل کی صبح تقریباً 2 بجے سباش نگر میں سنتوش کی رہائش گاہ کے سامنے کھڑی تھی۔

ابتدائی طور پر سنتوش نے اغوا کا اعتراف کرنے سے انکار کیا، لیکن پوچھ گچھ کے دوران اس نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے لڑکی کوقاضی پور میں اپنے دوست کولامادی رامولو کے گھر رکھا۔ پولیس ٹیموں نے وہاں پہنچ کر لڑکی کو بازیاب کرالیا اور سنتوش اور رامولو دونوں کو گرفتار کرلیا۔ سی پی نے تفتیش میں شامل پولیس افسران اور کانسٹیبلوں کی تعریف کی اور کیس کو چار گھنٹے میں حل کیا۔
کریم نگر میونسپل کارپوریشن میں ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والے سنتوش اپنے فارغ وقت میں آٹورکشا ڈرائیور کے طور پر کام کرتاہے۔
