سہارنپور میں کسانوں کے دھرنے سے بھگت سنگھ ورما کا اظہار خیال
دیوبند، 20؍ اگست
(رضوان سلمانی) سہارنپور کلکٹریٹ میں گزشتہ دو روز سے لکھیم پور کھیری میں گزشتہ دنوں احتجاج کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ آشیش مشرا کے بیٹے کے ہاتھوں مبینہ طو رپر کسانوں کو کچل دینے کے معاملہ میں قائم کئے گئے مقدمہ میں وزیر داخلہ آشیش مشرا کا نام ہونے کے باوجود بھی وزارت سے برخاست نہ کئے جانے سے ناراض بھارتیہ کسان یونین کے بینر تلے دھرنا دے رہے ہیں۔
دھرنے پر پہنچے پچھم پردیش مکتی مورچہ کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوگی اور مودی حکومتیں کسانوں کو ان کی فصلوں کی واجبی قیمت بھی نہیں دلوا سکتی جس کے سبب کسان ہر روز ٹوٹ رہا ہے ، آج ملک اشفاق اللہ، بھگت سنگھ، چندرشیکھر آزاد ، سبھاش چندر بوس کے خوابوں کا ہندوستان نہیں بلکہ مودی اور اڈانی وامبانی کے خوابوں کا ہندوستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا کسان سرکار کی غلط پالیسیوں کے سبب قرض مند ، پریشان اور مالی پریشانیوں کے دور سے گزر رہا ہے۔ جب تک ملک کے کسانو ں کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوگا اس وقت تک ملک اقتصادی طور سے مضبوط نہیں ہوسکتا۔ بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ اترپردیش گنا پیدا کرنے میں ملک میں سب سے آگے ہے اور یہاں کا گنا کسان زبردست پریشانیوں کے دور سے گزررہا ہے ۔
شوگر فیکٹریاں وقت پر گنا کسانوں کو گنے کی ادائیگی نہیں کررہی ہے، ہندوستان کے قانون کے مطابق اور ہائی کورٹ وسپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بھی اترپردیش کی 120شوگر فیکٹریاں گزشتہ سالوں میں دیری سے کئے گئے گنے کی ادائیگی پر لگا سود 12ہزار کروڑ روپیہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب کسانوں کو ادائیگی نہیں کررہی ہے ۔
بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ بی جے پی کی یوگی حکومت ریاست اترپردیش کے کسانو ںکو گنے کی لاگت 450 روپیہ فی کونٹل کی بھی ادائیگی شوگر فیکٹریوں سے نہیں دلا رہی ہے جو ریاست کے کسانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ بھگت سنگھ ورما نے منریگا اسکیم کو سیدھے طو رپر کھیتوں سے جوڑنے ، بجلی کی قیمت کم کرانے، کسانوں کے سبھی قرض معاف کرانے ، کسانو ںکو ان کی فصلوں کی واجبی قیمت دلانے اور گنے کی قیمت 600روپے فی کونٹل دلانے کے لئے کسانو ں کو ذات برادری اور مذہب سے اوپر اٹھ کر متحد ہوکر ہمیں لڑائی لڑنی ہوگی۔
اس موقع پر ویریندر چودھری، نیرج کپل، عاصم ملک، محمد وسیم، محبوب حسن، حاجی بندو حسن، حاجی ساجد، حاجی سلیمان، محمد یٰسین وغیرہ نے دھرنا مظاہرہ میں شرکت کی ۔