اسٹیٹ ہائی وے پر ہوئے سڑک حادثہ میں اب تک پانچ افراد کی موت 

تازہ خبر جرائم حادثات قومی
حادثہ میں مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں 
دیوبند، 23؍ اگست
(رضوان سلمانی) 
اسٹیٹ ہائی وے پر گزشتہ دیر شام ہوئے زبردست سڑک حادثہ میں اب تک پانچ افراد کی موت ہوگئی ہے جس میں ایک لڑکی سمیت چار خواتین شامل ہیں، گزشتہ دیر شام کار ڈرائیور اور نرسنگ کی طالبہ سمیت چار کی موت ہوئی تھی ، جب کہ ایک خاتون 50سالہ ست پالی نے سہارنپور اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ دل دہلانے والے اس حادثہ پر وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
 آج غمگین ماحول میں گائوں سنہٹی میں تین خواتین کی آخری رسومات ادا کردی گئیں، جب کہ طالبہ شوانی تیاگی کی گائوں رنسورہ میں آخری رسومات ادا کی گئی۔ آج ایک ساتھ تین خواتین کی لاشیں جیسے ہی گائوں سنہٹی پہنچیں تو گائوں میں ماتم چھاگیا۔ وہیں گائوں کے ڈیڑھ درجن سے زائد خواتین اور بچے سمیت شدید طور سے زخمیوں کا علاج سہارنپور ، میرٹھ، چنڈی گڑھ اور دہرہ دون کے اسپتالوں میں چل رہا ہے ۔
بتایا جارہا ہے کہ کئی خواتین کی ٹانگیں پوری طرح سے اس حادثہ میں متأثر ہوئی ہیں، آخری رسومات کے دوران بڑی تعداد میں بھیم آرمی اور دیگر سیاسی جماعتو ںکے افراد گائوں میں موجود رہے۔ آس پاس کے لوگ بھی بڑی تعداد میں آخری رسومات میں پہنچے۔ پورے گائوں میں ماتم کا ماحول تھا اور چاروں طرف اس حادثہ کی چرچا ہورہی تھی۔ اسی کے ساتھ ساتھ پولیس انتظامیہ کے افسران سمیت عوامی نمائندے اور سماجی کارکنان بھی گائوں پہنچے۔
وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے اس دردناک حادثہ پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی جتائی، ساتھ ہی ڈاکٹروں کو زخمیوں کا بہتر سے بہتر علاج کرنے کی ہدایت دی۔ واضح ہو کہ دیوبند کوتوالی علاقہ کے چند پور سنہٹی گائوں کے رہنے والے دلت سماج سے تعلق رکھنے والے دو درجن کے قریب افراد ٹریکٹر ٹرالی سے ضلع مظفرنگر کے کھیڑی پچینڈا گائوں میں تیرویں میں شامل ہونے کے لئے گئے تھے،
گزشتہ دیر شام واپس لوٹ رہے تھے ، جیسے ہی وہ گھلولی چیک پوسٹ کے قریب پہنچے تو پیچھے سے آئی تیز رفتار کار نے ٹرالی میں ٹکر ماردی، ٹکر اتنی زبردست تھی کہ کار اور ٹرالی کے پرخچے اڑگئے اور ہائی وے خون سے لال ہوگیا، پولیس نے لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا ۔
 حادثہ میں کار ڈرائیور ، مظفرنگر کے رام پور تراہے کے رہنے والے 26سالہ سارتھک بھاردواج ، اس کے ساتھ کار میں بیٹھی رنسورہ گائوں کی 20سالہ شوانی تیاگی ، ٹرالی میں سفر کررہے چند پور سنہٹی کے رہنے والی ساوتری اور گیان وتی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ جب کہ دو درجن سے زائد لوگ زخمی ہوگئے جن میں سے دو درجن سے زائد لوگوں کا علاج اسپتالوں میں چل رہا ہے۔
 اس موقع پر سی او رام کرن سنگھ نے بتایا کہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے سبھی کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہے۔ اس موقع پر گائوں میں بڑی تعداد میں پولیس فورس بھی تعینات کی گئی تھی۔