کے سی آر ‘کے ٹی آر دیگرٹی آر ایس قائدین سیکولرازم پرعمل پیرا۔وزیر داخلہ
حیدرآباد۔ 25اگست
(زین نیوز)
حکومت تلنگانہ کسی بھی مذہب کے جذبات کو مجروح کرنے اور ریاست میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیںکوئی بھی مجرم متعدد مرتبہ جرم کرنے کے بعد قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکتا۔
ہرمذہب کے ماننے والوں کو ان کے مذہب،خداؤں اور پیغمبروں سے ایمانی و روحانی تعلق ہوتا ہے۔کوئی بھی شخص اپنے مذہب کے خلاف کسی قسم کی بیہودگی کو برداشت نہیں کرتا۔ باالخصوص مسلمان ، آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف کسی بھی ریمارک و گستاخی کو برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نیکہا کہ حکومت تلنگانہ ان معاملات میں کسی کی پشت پناہی نہیں کرتی اور نہ ہی یہ برداشت کرے گی کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما ہوں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے بی جے پی ، رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ۔
وزیرموصوف نے کہا کہ محسن انسانیت ﷺ کی شان میں گستاخانہ جملے اور تبصرے کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ان پر سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ الحاج محمد محمود علی نے تلنگانہ حکومت کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹرکیچندرا شیکھر راؤ،پارٹی کارگزار صدر ٹی آر ایس مسٹرکے ٹی راماراؤ اور تمام قائدین سیکولر ازم کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور تمام مذاہب اور ان کی تعلیمات کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ گستاخ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔
انہوں نے مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو سراہاتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں۔صبرو تحمل سے کام لیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیںاور نہ ہی جذباتی نعروں کا استعمال کریں۔انہوں نے مسلمانوں کو تیقن دیا کہ گستاخ رسول ﷺ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی ۔