قوم کی تعمیر میں اساتذہ کا اہم رول : پروفیسر عین الحسن

تازہ خبر تلنگانہ
اردو یونیورسٹی میں قومی تعلیمی پالیسی پر لیکچر سیریز کا آغاز
حیدرآباد، 6 ستمبر
 (پریس نوٹ)
 استاد ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ ہمیں بحیثیت استاد بے لوث ہوکر طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا چاہیے۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کل یو جی سی – مرکز فروغ انسانی وسائل کے زیر اہتمام ”قومی تعلیمی پالیسی 2020: اساتذہ کا بدلتا رول“ کے تحت لیکچر سیریز کے افتتاحی اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ یہ سیریز 9 ستمبر تک جاری رہے گی۔
 ”شکشک پرو“ (جشنِ اساتذہ) لیکچر سیریز وزارتِ تعلیم اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے زیر اہتمام قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے فروغ میں اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جارہی ہے۔ پروفیسر عین الحسن نے قوم کی تعمیر کے لیے اساتذہ کو ایک طویل مدتی منصوبہ بندی کی تیاری پر زور دیا۔
مہمان مقرر ڈاکٹر شکیلہ شمسو جو نئی تعلیمی پالیسی میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی اور این ای پی ڈرافٹ کمیٹی کے سکریٹری تھیں نے کہا کہ ”تعلیمی پالیسی کے کلیدی مقاصد میں سے ایک تعلیم کے تمام شعبوں میں اختراع کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے این ای پی کو ایک ایسی پہل قرار دیا جو ہندوستان کے تعلیمی میدان میں وسیع پیمانے پر اصلاحات لائے گی۔
پروفیسر تحسین بلگرامی، ڈائرکٹر، یو جی سی ایچ آر ڈی سی نے کہا کہ لیکچر سیریز کے ذریعہ تعلیمی پالیسی کی تفہیم کو سہل بنانا مقصود ہے تاکہ اساتذہ کو ممکنہ مدد ہوسکے۔ آن لائن لیکچر سیریز میں شرکت کے لیے 528 درخواستیں موصول ہوئیں۔