مفتی سجاد حسین حسین قاسمی کی کتاب ’’انگلش ریڈر‘‘ کا رسم اجراء علماء کے ہاتھوں عمل میں آیا
دیوبند،7؍ستمبر
(رضوان سلمانی)ملکی و عالمی سطح پر دنیا کی بڑی اور رائج الوقت زبانوں میں انگریزی زبان کو فوقیت و اولیت کا درجہ حاصل ہے خصوصاًبرصغیر جوکہ صدیوں پر محیط وقت کی گرفت میں استبدادی قوتوں کے زیر حکومت رہا جس کی بناء پر فکری مغلوبیت کے اس قدر گہرے اثرات مرتب ہوئے کہ ملک کی مستقل مرکزی و حکومتی زبان ہندی اور دوسری علاقائی زبانوں کو بھی بر سر عمل سرکاری و تجارتی حلقوں میں وہ مقام حاصل نہیں ہے جو انگریزی زبان کو ہے گویا کہ فکری غلامی اور ذہنی مغلوبیت کے زیر اثر خود ساختہ روشن خیال حلقوں میں عمومی طور پر انگریزی زبان سے ناواقفیت کو تعلیمی پس ماندگی پر محمول کیا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی سجاد حسین قاسمی کے ذریعہ انگریزی زبان وبیان اور قواعد وآداب پر مشتمل ایک جامع نصاب موسوم’’مثالی انگلش ریڈر‘‘کے پہلے حصہ کے اجراء کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دور سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ان سب کا بنیادی ذریعہ انگریزی زبان ہے، جس دور میں فارسی زبان کا شہرہ تھا اس دور میں علماء نے اس زبان کو حاصل کرکے معاندین اسلام کو مسکت جواب دے کر اسلام کے پیغام اقصائے عالم تک پہنچایا۔ جس دور میں فلسفہ کا عروج تھا اس دور میں علماء نے اس فن کو حاصل کیا اور اس فن کے ذریعہ وارد شدہ اعتراضات کا مدلل جواب دے کر پیغام اسلام کو اطرافِ عالم میں عام کیا۔
موجودہ دور انگریزی زبان کا دور ہے، ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ عصری تقاضوں کو سمجھتے ہوئے رائج الوقت زبانوں پر عبور حاصل کرکے امت کی قیات کا فریضہ انجام دیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انگریزی زبان کے غلبے اور تفوق میں مغرب کی ہمہ جہت ارتقائی بلندی کو بھی ایک بنیادی مؤثر محرک کا درجہ حاصل ہے، اگرچہ یہ ایک الگ اور مستقل بحث کا موضوع ہے لیکن اس حقیقت سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا ہے کہ ملک کے قومی دھارے اور ارتقائی سفر میں حصہ داری کے لیے معاصر علوم سے کم از کم شعوری واقفیت اور انگریزی زبان و بیان پر بے تکلف قدرت و دسترس انتہائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کتاب کے مؤلف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انگریزی زبان وبیان کا یہ سہل اور جامع نصاب طلبہ مدارس اسلامیہ کیلئے خصوصا اور شائقین انگریزی زبان کیلئے عموما بے حد مفید ثابت ہوگانیز اس کتاب کا ایک اہم اختصاصی پہلو یہ ہے کہ اس کتاب کومبتدی طلبہ کے ذہنی مستویٰ اور قوت فکر و فہم کو سامنے رکھ کر مرتب کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی ونائب مہتمم مولانا ڈاکٹر محمد شکیب قاسمی کے علاوہ مؤلف کتاب مفتی سجاد حسین، مفتی امانت علی ، مفتی اسعد ، مولانا محمد غفران ،مولانا حسنین ارشد، مولانا محمد اظہارالحق، مولانا جمشید عادل ، مولانا اسجد عقابی وغیرہ اساتذہ ٔ دارالعلوم وقف دیوبند بطور خاص موجود رہے ۔