میڈیکل پروفیسرس، ایسوسی ایٹ  اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی سبکدوشی کی حدعمر میں اضافہ کا فیصلہ

تازہ خبر تلنگانہ
 حیدرآباد، 13ستمبر
 (زین نیوز) 
 قانون ساز اسمبلی نے  آج تلنگانہ پبلک ایمپلائمنٹ سپر اینویشن ترمیمی بل کو منظوری دے دی۔ اس بل کو وزیر صحت ہریش راؤ نے ایوان میں پیش کیا، ارکان نے اسے منظوری دی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ ریاستی حکومت نے میڈیکل ایجوکیشن میں کام کرنے والے پروفیسروں، ایسوسی ایٹ پروفیسروں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی سبکدوشی کی حدعمر بڑھا کر 65 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
 انہوں نے یاد دلایا کہ ایوان میں قانون بھی بن چکا ہے ۔ بعض پروفیسرس کو ٹیچنگ اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹ، بعض پروفیسرس کو میڈیکل پرنسپل، اور بعض پروفیسرس کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔اس سے قبل جب یہ بل منظور کیا گیا تھا تو صرف پروفیسرس، ایسوسی ایٹ پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کے لیے عمر کی حد مقرر کی گئی تھی لیکن آج پرنسپل، سپرنٹنڈنٹ، ایڈیشنل ڈی ایم ای اور ڈی ایم ای کے لیے عمر کی حد کو بل میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ان سب پر عمر کی حد 65 سال لاگو کرتے ہوئے ترمیم کی تجویز دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت ریاست میں پانچ میڈیکل کالجس تھے تاہم وزیراعلی نے ہر ضلع میں ایک کے لحاظ سے 33 میڈیکل کالجس قائم کرنے کا انقلابی فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے مزید 9 میڈیکل کالجس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
 ترمیمی بل پر بحث کے دوران منتھنی اور دوباک کے ایم ایل اے سریدھر بابو اور رگھو نندن راؤ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرس کے عہدے خالی ہیں۔انہوں نے ان عہدوں کو پُر کرنے کی درخواست کی۔ اس موقع پر جواب دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے محکمہ صحت میں ہزاروں ڈاکٹرس اور اسٹاف نرسوں کی بھرتی کا عمل شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید ایک ہزار ڈاکٹروں کی تقرری کا عمل آخری مرحلے میں ہے ۔اس کے لئے انٹرویوز بھی شروع ہو چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آخر میں اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں دسہرہ کے موقع پر میڈیکل ڈپارٹمنٹ میں نئے ڈاکٹروں کو تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی رابطہ کی بنیاد پر تقرری کی ہے ۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں 103 ڈائیلاسس یونٹ قائم کیے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں متحدہ میدک ضلع میں کوئی ڈائیلاسس سنٹر نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت غریبوں کو مفت علاج فراہم کررہی ہے ۔ نوزائیدہ بچوں کی بہتر دیکھ بھال اور شرح اموات کو کم کرنے کے لیے دوباک حلقہ میں نوزائیدہ اسٹیبلائزیشن یونٹ قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دوباک حلقہ میں بستی دواخانہ کی درخواست منظور کرلی گئی۔