تلنگانہ قائدین کی کردارکشی فاشسٹ طاقتوں کاایجنڈ ہ 

تلنگانہ
مجھے ای ڈی کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا
کوئی بھی حربہ عوام کی خدمت سے بازنہیں رکھ پائے گا۔ کے کویتا
حیدرآباد:۔16؍ستمبر
(زین نیوز)
 رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دہلی شراب اسکام معاملے میں نوٹس جاری کئے جانے کی جھوٹی خبر کو چند میڈیا چنیلز کی جانب سے نشر کئے جانے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کویتا نے سوشیل میڈیا کے مشہور پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ فاشسٹ طاقتوں کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کا مقصدتلنگانہ قائدین کی کردارکشی اور عوام کی فلاح وبہبود سے انہیں روکنے کی ناکام کوششیں ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے بھوکے بی جے پی قائدین کاسادہ لوح عوام کے ذہنوں میں تلنگانہ قائدین کے خلاف زہربھرنے کا عمل مسلسل جاری ہے تاہم انہوں نے کہا کہ عوام سمجھدار ہیں اوروہ مرکزی قائدین کی ہر شاطرانہ چال پر گہرائی سے نظررکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میڈیا جیسے حقائق کوآشکارکرنے والے شعبہ کوبھی مرکزی قائدین کی جانب سے گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا اداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنا وقت سچ دکھانے کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے بتایا کہ ٹی وی ناظرین کا کچھ قیمتی وقت بچانے کے لیے میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ مجھے کوئی ای ڈی کا نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی سے چند ٹی وی نیوز چینلوں پر یہ بتایا جارہا تھا کہ دہلی شراب معاملہ میں ای ڈی نے دختر وزیراعلیٰ و رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کو نوٹس روانہ کیا ہے۔رکن کونسل کویتا نے واضح طور پر بتادیا کہ انہیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔