سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ ہندوستان۔شیڈول مقرر

تازہ خبر عالمی
نئی دہلی:۔24؍اکتوبر
(زیڈ این ایم ایس)
سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان اگلے ماہ یعنی نومبر میں ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ پی ایم مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔
 میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایم مودی نے انہیں ہندوستان آنے کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ ستمبر میں پی ایم مودی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ذریعے سعودی ولی عہد کو دعوت نامہ بھیجا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد 14 نومبر کی صبح بھارت پہنچیں گے۔ یہاں وہ پی ایم سے ملاقات کریں گے۔ سعودی شہزادے کا یہ دورہ ایک دن کا ہے۔ اگلے روز محمد بن سلمان انڈونیشیا کے شہر بالی میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے لیے روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ وزیر توانائی کا دورہ اوپیک + تنظیم کے تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے کے بعد آیا۔
 عبدالعزیز بن سلمان نے ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل، وزیر تیل ہردیپ سنگھ پوری اور وزیر توانائی آر کے سنگھ سے ملاقات کی۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 27 ستمبر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیراعظم مقرر کیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے دوسرے بیٹے شہزادہ خالد کو وزیر دفاع اور تیسرے بیٹے شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو وزیر توانائی مقرر کیا۔