ملزم کے پاس سے 9اے ٹی ایم کارڈ سمیت پستول اور چوری کی موٹر سائیکل برآمد کی
دیوبند:۔ 25؍ اکتوبر
(رضوان سلمانی) اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے پیسے چوری کرنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم کے پاس سے پولیس نے آدھا درجن سے زائد اے ٹی ایم کارڈ سمیت غیرقانونی اسلحہ اور بغیر نمبر کی موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم پر ضلع سہارنپور کے مختلف تھانوں میں ڈیڑھ درجن سے زائد مقدمات قائم ہیں۔
تفصیل کے مطابق دیوبند پولیس نے اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے لوگوں کے اکائونٹ خالی کرنے والے ایک شاطر چور کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ ریلوے روڈ سے گرفتار ملزم کی شناخت ضلع مظفرنگر کے تھانہ چرتھاول کے رہنے والے امت کمار کے طورپر ہوئی ہے ،
پولیس نے ملزم کے قبضہ سے 9اے ٹی ایم کارڈ ، ایک پستول اور اے ٹی ایم کارڈ بدل کر نکالے گئے 2ہزار روپے کی نقدی اور ایک بغیر نمبر کی موٹر سائیکل برآمد کی ہے ۔ پولیس نے ملز م کے خلاف چوری ، دھوکہ دھڑی اور غیرقانونی طریقے پر اسلحہ رکھنے کی دفعات میں مقدمہ قائم کرکے جیل بھیج دیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزم سہارنپور ضلع میں ہی نہیں بلکہ دیگر اضلاع میں بھی اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے چوری کے واقعات کو انجام دے چکا ہے، جس کے سبب اس کے خلاف سہارنپور ، مظفرنگر اور آگرہ اضلاع میں ڈیڑھ درجن سے زائد مقدمات قائم ہیں ۔ اس سلسلہ میں تھانہ انچارج پیوش دیکشت نے بتایا کہ اعلیٰ افسران کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف گرفتاری مہم چلاکر انہیں جیل بھیجا جارہا ہے ۔
دوسری جانب دیوبند میں واقع گاندھی کالونی میں کریانہ تاجر کی جانب سے اُدھار کے پیسے مانگنے پر ایک شخص نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ گھر میں گھس کر حملہ کرتے ہوئے توڑپھوڑ کردی ، اس حملہ میں تاجر کی بیوی اور بیٹا زخمی ہوگئے، متأثرہ شخص نے ملزمان کے خلاف دیوبند کوتوالی میں تحریر دیتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گاندھی کالونی میں کریانہ کے دوکان کرنے والے کیشو سنگھل نے بتایا کہ محلہ کے ہی رہنے والے ایک نوجوان پر سامان کے پیسے کافی دنوں سے ادھار تھے۔ انہوںنے بتایا کہ پیسے کا تقاضہ کرنے پر ملزم مشتعل ہوگیا اور اس کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے لگا، الزام ہے کہ جب وہ دوکان بند کرکے گھر گیا تو ملزم 4-5نوجوانوں کو ساتھ لے کر اس کے گھر میں گھس آیا اور نازیبا سلوک کرنے لگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران جب اس کے لڑکے نے مخالفت کی تو ملزمان نے اس کے لڑکے ابھے سنگھل اور اس کی والدہ نیرج سنگھل پر حملہ کرتے ہوئے انہیں زخمی کردیا ، اتنا ہی نہیں گھر میں کھڑی موٹر سائیکل بھی توڑدی ، متأثر شخص کے مطابق اس دوران شور شرابہ کی آواز سن کر آس پاس کے پڑوسی موقع پر پہنچے تو ملزمان دھمکی دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔
اس سلسلہ میں تھانہ انچارج نے بتایا کہ تحریر کی بنیاد پر معاملہ کی تحقیق کی جارہی ہے، جانچ کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔