غریب نواز فائونڈیشن کی جانب سے دیوبند سب جیل میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد 

تازہ خبر قومی
دیوبند:۔ 13؍ نومبر
(رضوان سلمانی)  
خواجہ غریب نواز فائونڈیشن چیری ٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے جی ٹی روڈ پر واقع سب جیل میں آنکھوں کی جانچ کے لئے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں 120قیدیوں اور جیل ملازمین کی آنکھوں کی مفت جانچ کی گئی او ر انہیں صلاح مشورہ دیا گیا ۔
 آج سب جیل کے احاطہ میں منعقد ہوئے مفت آنکھوں کے کیمپ میں ڈاکٹر اسماء ، ڈاکٹر عثمان مسعود رمزی، عامر عثمانی، ثاقب عالم اور دلشاد وغیرہ نے جیل ملازمین اور قیدیوں کی آنکھوں کی جانچ کرکے انہیں مفت دوائی دی اوراسی کے ساتھ ساتھ کئی لوگوں کو چشمے بھی تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ انسان کے جسم میں آنکھوں کی سب سے بڑی اہمیت ہے ، آنکھوں کے معاملہ میں کسی قسم کی کوئی لاپرواہی نہ برتیں اور ذرا سی پریشانی ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے مشورہ لیں۔ قاری عامر عثمانی نے کہاکہ خواجہ غریب نوازفائونڈیشن چیری ٹیبل ٹرسٹ کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے ۔
 ٹرسٹ کی جانب سے انسانی خدمت کا سلسلہ جاری ہے اور ٹرسٹ کی جانب سے وقتاً فوقتاً میڈیکل کیمپ لگاکر غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسی کے تحت آج سب جیل میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا تاکہ جیل میں قید لوگوں کی خدمت کی جاسکے۔ قاری عامر نے کہا کہ غریب اور بے سہارا کی مدد کرنا سب سے بڑے ثواب کا کام ہے۔
 اس موقع پر جیلر مہیندر پال سنگھ ، ڈپٹی جیلر کارتکیئے گپتا، الپنا، دان بہاد رورما اور پریم شنکر وغیرہ موجود رہے۔