دارالعلوم وقف دیوبند میں طلبہ کے درمیان لحاف تقسیم کے موقع پر مولانا سفیان قاسمی کا اظہار خیال
دیوبند:۔23؍نومبر
(رضوان سلمانی)
تعاون ہمدردی اور خیر خواہی کا جذبہ ایک صالح معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کا اہم ترین حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار دار العلوم وقف دیوبند کے روح رواں ومہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے دار العلوم وقف دیوبند میں طلبہ کے ما بین تقسیم لحاف کے موقع پر کیا،
انہوں نے کہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی خدمت خلق سے لبریز ہے، نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں خلق خدا سے محبت اور ہمدردی کی خوب تاکید فرمائی اور اس تعلق سے بنیادی طور پر امت کو ایک اصول سے روشناس کراتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ دین خیر خواہی کا نام ہے اور ایک دوسری حدیث کا مفہوم ہے کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہونچائے۔
جذبہ نافعیت اور جذبہ خیر خواہی جب درجہ کمال کو پہونچتا ہے تو مختلف شکلوں میں اعمال سے اس کا اظہار ہوتا ہے اور جب اس جذبہ خدمت کا ظہور طالبان علوم نبوت کی خدمت کے ذریعہ ہو تو اس کا اجر اور بڑھ جاتا ہے،
انہوں نے کہا کہ مدارس میں تعلیم وتعلم کے ساتھ خدمت خلق کے مظاہر بھی خوب نظر آتے ہیں، جس کے تحت اداروں میں جہاں طلبہ کے کھانے پینے رہنے سہنے وغیرہ کے انتظامات کئے جاتے ہیں،
وہیں موسم سرما کی آمد کے پیش نظر لحاف کا انتظام بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ تاکہ طلبہ مکمل یکسوئی کے ساتھ تعلیم وتعلم درس وتکرار جیسے روحانی نظام سے وابستہ رہ کر کتب سے فیض حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کی یہ غیر معمولی کوشش رہتی ہے کہ جذبہ نافعیت کے تحت طالبان علوم نبوت کو ہر قسم کی سہولیات پیہم پہونچائی جائیں، اور انہیں اپنے مقاصد کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو،
انہوں نے کہا کہ ارباب مدارس کی یہ غیر معمولی کوشش ہوتی ہے کہ طالبان علوم نبوت کو ہر قسم کی سہولیات باہم پہنچائی جائیں ،موسم سرماں کی شدت چونکہ صحت کے ساتھ ساتھ مدارس کے مخصوص نظام زندگی نہ صرف یہ کہ متاثر کرتی ہے بلکہ بسا اوقات تعلیمی وتربیتی نظام کو مسائل سے بھی دو چار کردیتی ہے اس لئے اس جانب توجہ کرتے ہوئے ارباب مدارس فکر مند رہتے ہیں کہ طلبہ کو ایسے اسباب ووسائل فراہم کئے جائیں جن سے موسم کی شدت ان کے مقصد کی تکمیل کی راہ میں حائل نہ ہوسکیں۔
ضرورتمند طلبہ کے مابین لحاف کی تقسیم انہی اسباب کی فراہمی کے باب میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔جس کے پیش نظر آج دار العلوم وقف دیوبند میں حسب روایت وحسب معمول طلبہ کی ایک بڑی تعداد کے ما بین لحاف تقسیم کر رہا ہے،
اس امید کے ساتھ کہ حق تعالیٰ اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں گے، اس موقع پر تقسیم لحاف کے اس عمل میں مہتمم صاحب مدظلہ کے علاوہ دیگر اساتذۂ جامعہ بھی شریک رہے۔
