مدارس اسلامیہ میں طلبہ کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے : مولانا احمد خضر شاہ مسعودی
دیوبند:۔ 29؍ نومبر
(رضوان سلمانی) جامعہ امام محمد انور شاہ میں طلبہ کے درمیان ادارہ کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کے ہاتھوں لحاف اور صدریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کہا کہ خدمت خلق کی اسلام میں بڑی اہمیت آئی ہے اورنبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے موقع بہ موقع اس کی فضیلت بیان کی۔
سردی کا موسم شروع ہوچکا ہے ، طلبہ میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو نادار اور غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نے ان کی ضرورت کے پیش نظر ان کے لئے صدریوں اور لحاف کا انتظام کرایا ۔
مولانا احمد خضرشاہ نے کہا کہ مدارس اسلامیہ میں طلبہ کی رہائش ،قیام وطعام ،تعلیم وتربیت اور پانی وبرقیات کا پوری توجہ کے ساتھ نظم کیا جاتاہے تاکہ طلبہ مدارس ان تمام سہولیات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے پوری طرح تعلیم پر توجہ دیں اور جس مقصد کے حصول کی خاطر و دور دراز علاقوں سے سفر کی صعوبتوں کو برداشت کرتے ہوئے مدارس میں داخلہ حاصل کرتے ہیں وہ مقصد پورا ہو۔
انہوں نے کہا کہ مدارس میں تعلیم وتعلم کے ساتھ خدمت خلق کے مظاہر بھی خوب نظرآتے ہیں جس کے تحت اداروں میں جہاں طلبہ کے کھانے پینے ، رہنے سہنے وغیرہ کے انتظامات کئے جاتے ہیں وہیں موسم سرما کی آمد کے پیش نظر لحاف کا انتظام بھی اسی کا ایک حصہ ہے
۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی یہ غیرمعمولی کوشش رہتی ہے کہ جذبہ نافعت کے تحت طالبان علوم نبوت کو ہر قسم کی سہولیات پہنچائی جائیں اور انہیں اپنے مقاصد کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو ۔ مولانا احمد خضر نے کہا کہ ارباب مدارس کی یہ غیر معمولی کوشش ہوتی ہے کہ طالبان علوم نبوت کو ہر قسم کی سہولیات پہنچائی جائیں۔
موسم سرما کی شدت کیوں کہ صحت کے ساتھ ساتھ مدارس کے مخصوص نظام زندگی نہ صرف یہ کہ متأثر کرتی ہے بلکہ بسا اوقات تعلیمی وتربیتی نظام کو مسائل سے بھی دوچار کردیتی ہیں۔
اس لئے اس جانب توجہ کرتے ہوئے ارباب مدارس فکر مند رہتے ہیں کہ طلبہ کو ایسے اسباب ووسائل فراہم کئے جائیں جن سے موسم کی شدت ان کے مقصد کی تکمیل کی راہ میں حائل نہ ہوسکیں۔
طلبہ کے مابین لحاف کی تقسیم انہیں اسباب کی فراہمی کے باب میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ جس کے پیش نظر جامعہ امام محمد انور شاہ میں حسب روایت طلبہ کے درمیان لحاف اور صدریاں تقسیم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دینی کتاب گھر کے مالک کا شکریہ ادا کرنا ضروری ہے جنہوں نے خدمت خلق کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا تعاون پیش کیا۔
اسی طرح مولانا عبدالرشید بستوی ؒ کے برادر نسبتی زبیر احمد کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری ہے جو طلبہ کی خدمت کے لئے ہمیشہ کھڑے رہتے ہیں۔ لحاف کی تقسیم انہیں کی جانب سے ہوئی ہے۔ مولانا نے کہا کہ مولانا عبدالرشید بستویؒ جامعہ کے انتہائی قدیم ، مخلص اور فعال اساتذہ میں سے تھے ۔
اس موقع پر جامعہ کے نائب ناظم تعلیمات مولانا سید فضیل ناصری نے کہا کہ اسلام میں ان لوگوں کی بڑی تعریف کی گئی ہے جو کمزوروں کو سہارا دینے کے لئے کوشاں رہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں طلبہ کے لئے اگر انتظام نہ ہو تو ان کی تعلیم میں رکاوٹ پیش آئے گی جو فطری بات ہے ، اسی لئے ایسے موقع پر پیش پیش رہنے والے ہمدردان ومخلصان تہہ دل سے شکریہ کے مستحق ہیں۔
اس دوران جامعہ کے دارالاقامہ مولانا ابوطلحہ اعظمی ، مفتی نثار خالد، قاری بلال، مولانا عثمان، مفتی نوید، مولانا بدرالاسلام، مولانا مفتی عبید انور شاہ،مولانا زکی، حافظ حمدان شاہ، مولانا ثاقب، وغیرہ پیش پیش رہے۔ اللہ تعالیٰ تمام معاونین کو بہترین صلہ عطا فرمائے۔
