کوال کا فساد سماج وادی پارٹی کے لئے ایک بدنماداغ 

تازہ خبر قومی
وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا انتخابی اجلاس سے خطاب 
دیوبند:۔ 30؍نومبر
(رضوان سلمانی) 
کھتولی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب جیسے جیسے نزدیک آرہے ہیں پارٹی لیڈران اپنے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں
،اسی تناظر میں آج وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے کے لئے کھتولی پہنچے اور انہو ںنے سماج وادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہاں پر سماج وادی پارٹی اورراشٹریہ لوک دل غنڈہ ٹیکس پلان کررہے ہیں
جس سے آپ لوگوں کو ہوشیار رہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کو لے کر بی جے پی کی نیت صاف ہے ، وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہماری حکومت ہر غریب کے لئے کام کررہی ہے ، بی جے پی کے دور اقتدار میں ہی آپ لوگ محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کھتولی تو مجاہدین کی زمین ہے ، باقی آپ لوگ ہمت سے کام لیجئے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بچا ہوا ہے ہمارا بلڈوزر اسے پورا کردے گا اور جو بچی ہوئی گرمی ہے اس کو بھی اتاردی جائے گی ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اترپردیش میں جرائم کو پیدا نہیں ہونے دیاجائے گا ،
 ترقیاتی کاموں کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا اوررکاٹوں دورکیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں ،تاجروں کو ہماری طرف سے ان کی حفاظت کی پوری طرح گارنٹی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راج کماری سینی کو اس حلقہ سے اس لئے بی جے پی نے اپنا امیدوار بناکر آپ کے درمیان اتارا ہے کہ انہوں نے ہر حالات میں کام کیا ہے ۔
 انہوں نے وہاں پر موجود لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ اس انتخاب میں کامیابی کا ریکارڈتوڑدینا ہے ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جب اس علاقہ میں کوال کابوال ہورہا تھا تو یہاں پر مہینوں کرفیو لگا تھا تو اس وقت راشٹریہ لوک دل کے لیڈران کہاں تھے ،
جب ہزاروں ہندوئوں کو جیل بھیج دیا گیا تھا، اس وقت یہ پوچھنے نہیں آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کا دور اقتدار طالبان جیسا تھا ،یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہم نے مودی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اترپردیش میں قانون نظم ونسق قائم کیا ہے ،
 پہلے راہ گیروں کا قتل کردیا جاتا تھا، کسان کھیت میں جانے سے ڈرتے تھے ،بہنیں اور بیٹیاں خریداری کے لئے بازاروں میں نہیں جاپاتی تھیں۔ اسکول کالج جانے سے ڈرتی تھیں ، اب بیٹیاں بے خوف ہیں ،لوگ نقل مکانی نہیں کررہے ۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو جس زبان میں سمجھے گا اسی زبان میں اسے سمجھا یا جائے گا۔ ڈبل انجن کی سرکار جتنا ملک میں ترقی کررہی ہے اتنا 50سال میں بھی نہیں ہوپایا۔ ہمارا عہد ہے کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس، لیکن ذات پات کی سیاست نہیں۔
 وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے چودھری چرن سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب ہمیشہ غلط کے خلاف کھڑے رہے، انہوں نے کہا کہ پہلے غنڈہ ٹیکس کی وصولی کی جاتی تھی اب کوئی سیکورٹی سے کھلواڑ نہیں کرتا۔
 اب شاملی سے کوئی نقل مکانی نہیں ہوتی ، انہو ں نے وکرم سینی کی بیوی راج کماری سینی کو ووٹ دے کر کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ راج کماری دیوی پردھان شوہر کے جیل میں ہونے کے باوجود کوال واقع کے دوران بڑی مستعدی کے ساتھ ڈٹی رہیں ۔
 وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ گنگ نہر کی دونوں پٹریو ںپر جلد ہی آمد ورفت شروع ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وکرم سینی کی رکنیت بہو بیٹیوں کی عزت کے لئے گئی ہے ، کوئی ذاتی مقدمہ ان کے اوپر نہیں تھا ۔
 انہوں نے کہا کہ پیشہ آور ،جرائم پیشہ افراد اورمافیا سیاست میں شامل ہوں گے تو عوام کا جینا محال کردیں گے ۔ جرائم پیشہ افراد پر قابو پانا ضروری ہے اور جو کچھ بچے گا اسے ہمارا بلڈوزر پورا کردے گا ۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈران اسمبلی ارکان اور لوگ موجود رہے۔