حیدرآباد:۔ 17 فروری
(پریس نوٹ)
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، اسکول برائے سائنسی علوم، کیمسٹری سیکشن میں پروفیسر محمد رفیق حسین صدیقی، شعبہ کیمسٹری، یونیورسٹی آف لیورپول، برطانیہ کے مدعو لیکچر ”کیمیکل انڈسٹری، پرابلمس اینڈ سولیوشنس“ (کیمیکل انڈسٹری، مسائل اور حل) کا کل انعقاد عمل میں آیا۔
پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین کے بموجب پروفیسر رفیق حسین صدیقی جنہیں ”مین آف کیٹالیسس “ (عمل انگیزی) کہا جاتا ہے کا دنیا بھر کے ماہرین سے اشتراک ہے۔ ماحولیات، انڈسٹریز اور بنیادی تحقیق کے لیے کیٹالیسس پر اور ایڈوانسڈ مٹیریل بشمول نینو ذرات پر انہوں نے کام کیا۔
پروفیسر رفیق حسین صدیقی نے صنعتوں میں استعمال ہونے والے کیٹالیسس کی مختلف اقسام کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیٹالیسس کے صنعتی استعمال کے بارے میں بتایا اور کم سہولیات والی لیباریٹری میں اس کی تحقیق کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے پیشن گوئی کی کہ مستقبل میں کیمسٹری کی کیٹالیسس شاخ میں کافی وسیع مواقع ہیں اور وہ نئی تکنیکوں جیسے نینو کیٹالسٹ کے ذریعے انسانوں کی زندگی کو بدل دے گی۔
پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین، سکول آف سائنسز نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر رفیق صدیقی نے اپنے لیکچر کے ذریعے جو قیمتی تجاویز پیش کی ہیں وہ اردو یونیورسٹی میں جاری تحقیق کے لیے ایک مہمیز کا کام کریں گی۔
کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسرس ڈاکٹر علیم الدین نے کارروائی چلائی اور ڈاکٹر قسیم اللہ نے شکریہ ادا کیا۔ بعد میں پروفیسر رفیق حسین صدیقی نے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن سے بھی ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں یونیورسٹی کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
