لارنس بشنوئی گینگ نے ایم پی سنجے راوت کو دی دھمکی۔ پنجابی گلوکار سدھو جیسا ہوگا نتیجہ
ممبئی:۔یکم؍پریل
(زین نیو ز ڈیسک)
شیوسینا (ادھو ٹھاکرےگروپ) کے رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ مہاراشٹرا پولیس نے کہا کہ ایم پی سنجے راوت کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام ملا ہے،
جس میں انہیں پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کی طرح جان سے مارنے کا کہا گیا ہے۔ سنجے راوت نے شکایت درج کرائی ہے۔ فی الحال پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ پارٹی کے مطابق، سنجے راوت کو جمعہ کی دیر رات ان کے موبائل پر ایک واٹس ایپ پیغام ملا ہے، جس میں انہیں دھمکی دی گئی ہے۔
پیغام میں خبردار کیا گیا ہے کہ سنجے راوت جب بھی دہلی میں نظر آئیں گے، انہیں اے کے 47 سے گولی مار دی جائے گی۔ وہیں ادھو ٹھاکرے دھڑے کے ایم پی سنجے راوت نے دھمکی ملنے کے بعد ممبئی پولیس کمشنر کو اس بارے میں مطلع کیا ہے۔
سنجے راوت نے نائب وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر اپنی جان کو لاحق خطرے کے بارے میں بتایا تھا۔اس سے پہلے ایم پی سنجے راوت نے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان کی جان کو خطرہ تھا۔
ہفتہ کو شیو سینا (یو بی ٹی) کے قائد حزب اختلاف امباداس دانوے نے کہا کہ ریاستی حکومت نے سنجے راوت کی سیکوریٹی ہٹا دی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سلمان خان کو حال ہی میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں۔
سنجے راوت نے کہاکہ میں نہیں ڈروں گا۔وہیں راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے دھمکی کے معاملے پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ مہاراشٹر میں شندے-بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ہماری سیکورٹی کم کردی گئی،
لیکن ہم نے اس پر زیادہ بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا بیٹا مجھ پر غنڈے سے حملہ کرنے کی سازش کر رہا ہے، جب میں اس بارے میں خط لکھتا ہوں تو کہا جاتا ہے کہ یہ سٹنٹ ہے۔ سچ بولنے پر آئے تو زلزلہ آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں ڈروں گا۔
