نتیش کمارکے لیے بی جے پی کے دروازے اب ہمیشہ کے لیے بند
2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد گرینڈ الائنس کی حکومت گر جائے گی: امت شاہ
پٹنہ:۔2؍اپریل
(زین نیوز ڈیسک)
بہار میں رام نومی کے بعد تشدد کے درمیان وزیر داخلہ امت شاہ اتوار کو نوادہ پہنچے۔ شاہ ہسوا میں منعقد شہنشاہ اشوک جینتی پروگرام میں شرکت کی۔
وزیر داخلہ نے اپنی 21 منٹ کی تقریر میں کہا کہ نتیش کے لیے بی جے پی کے دروازے اب ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد گرینڈ الائنس کی حکومت گر جائے گی اور ہماری حکومت آئے گی۔
امت شاہ نے پانچ اضلاع میں حالیہ تشدد کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ میں ساسارام جانا چاہتا تھا، لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہاں لوگ مارے جا رہے ہیں۔ گولیاں چل رہی ہیں۔
اس لیے میں وہاں نہیں جا سکا، میں یہاں سے وہاں کے لوگوں سے معذرت خواہ ہوں۔ لیکن اگلی بار وہاں ضرور جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت بنی تو ہم فسادیوں کو الٹا لٹکا کر سیدھا کرنے کا کام کریں گے۔
لالو جی بھول جائیں کہ نتیش آپ کے بیٹے کو سی ایم بنائیں گے۔امیت شاہ نے کہا کہ نتیش بابو کو پی ایم بننا ہے، تیجسوی کو سی ایم بننا ہے۔ بہار کے عوام ان کے درمیان پس رہے ہیں، لیکن ملک کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ تیسری بار بھی مودی کو وزیر اعظم بنائیں گے۔
اس لیے لالو جی بھول جائیں کہ نتیش کمار آپ کے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔ شاہ نے کہا کہ لالو کے بیٹے نے نتیش کو سانپ، پلتورام اور گرگٹ بھی کہا، لیکن نتیش بابو وزیر اعظم بننے کے لیے ان کے ساتھ گئے۔
امیت شاہ نے کہاکہ میں ایک بات واضح کرتا ہوں کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابی نتائج کے بعد نتیش بابو اور للن بابو کو بی جے پی میں واپس نہیں لیا جائے گا۔ نتیش بابو اور للن بابو کے لیے بی جے پی کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ہیں۔
ذات پرستی کا زہر اگلنے والے نتیش بابو اور جنگل راج کے علمبردار لالو پرساد۔۔بی جے پی ان دونوں کے ساتھ سیاسی سفر کبھی طے نہیں کر سکتی۔
